تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی کی جانب سے محبوب نگر کے مرحوم ویڈیو جرنلسٹ عبدالتوحید کی بیوہ کو ایک لاکھ نقد اور ماہانہ 4 ہزار وظیفے کی منظوری

تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی کی جانب سے محبوب نگر کے مرحوم ویڈیو جرنلسٹ عبدالتوحید کی بیوہ کو
ایک لاکھ نقد اور ماہانہ 4 ہزار وظیفے کی منظوری
میڈیا اکیڈیمی زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے ویڈیو جرنلسٹ عبدالتوحید کی اہلیہ کو ایک لاکھ روپئے کا امدادی چیک وزیر برائے پنچایتی راج، دیہی ترقی، دیہی واٹر سپلائی، خواتین و بچوں کی فلاح و بہبود داناسری انسویا سیتکا کے ہاتھوں دیا گیا ۔ مہمان اعزازی سی ایچ پریانکا، آئی اے ایس جنرل ایڈمنسٹریشن (انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز) ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل کمشنر، انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ، حیدرآباد نے شرکت کی۔
اس تقریب کی صدارت سرینواس ریڈی چیر مین تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی نے کی۔ یہاں اس بات کا ذکر لازمی ہے کہ سال گذشتہ عبدالتوحید کینسر کے عارضہ کی وجہ سےانتقال کر گئے تھے ۔ محبوب نگر ضلع اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن قائدین محمد عبدالاحد صدیقی ، محمد جعفر ، تقی حسین تقی ، محمد عبدالعلیم صدیقی، نے مرحوم کی اہلیہ کو ماہانہ وظیفہ کی منظوری اور امدادی رقم کیلئے فیڈریشن کے ریاستی قائدین میں جناب ایم اے ماجد صاحب صدر ،جناب سید غوث محی الدین معتمد ، جناب سید عظمت علی شاہ نائب صدر فیڈریشن کی توسط سے تلنگا نہ میڈیا اکیڈیمی سے نمائندگی کی گئی تھی ۔
جس کے بعد گذشتہ ماہ مرحوم کی بیوہ کو ماہانہ چار ہزار روپئے وظیفہ منظور ہوا ہے اور آج یہ امدادی چیک بیوہ کے حوالہ کیا گیا ۔ اس منظوری پر مرحوم عبدالتوحید کے بھائی محمد عبدالمجیب نے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کے ریاستی و ضلعی قائدین سے اظہار تشکر کیا
۔