سیلاب زدہ بستیوں کے طلبہ میں نوٹ بکس اور بیگز کی تقسیم متاثرہ بستیوں میں جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کا سروے اورریلیف ورک

سیلاب زدہ بستیوں کے طلبہ میں نوٹ بکس اور بیگز کی تقسیم
متاثرہ بستیوں میں جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کا سروے اورریلیف ورک
حیدرآباد : ( پریس نوٹ ) جماعت اسلامی ہند، ملک پیٹ کی جانب سے شہر میں طوفانی بارش کے بعد موسی ندی اور چادر گھاٹ کے کناروں پر آباد سیلاب زدہ بستیوں شنکر نگر، رسول پورہ، موسیٰ نگر اور کمال نگر میں راحت کام انجام دیے گئے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں فوڈ پیکٹس اور بستر کٹس کی تقسیم کے بعد آج بروز اتوار 12 بجے دن سے 400 طلبہ میں نوٹ بکس ، بیگز اور اسٹیشنری ائٹمس کی تقسیم عمل میں لائی گئی
۔جناب ضیاء الرحمٰن صدیقی سلیم صاحب معاون امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے نگرانی کی۔ ریلیف ٹیموں کے کوآرڈینیٹر جناب محمد عبدالودود نے بتایا کہ شہر و مضافات میں حالیہ طوفانی بارش کے نتیجے میں عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے دروازے کھولنے کے بعد چادر گھاٹ برج کے نشیب میں آباد بستیاں زیر آب آگئی تھیں جس کے باعث گھروں کا ساز و سامان، طلبہ کی کتابیں کاپیاں اور الیکٹرانک اشیاء تباہ ہو گئے۔اس صورتحال سے پریشان مکینوں کو راحت پہنچانے کے لیے جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے شنکر نگر، رسول پورہ، موسیٰ نگر اور کمال نگر کے لیے چار ریلیف ٹیمیں تشکیل دیں اور متاثرہ علاقوں کا جامع سروے کرنے کے بعد نقصانات کا اندازہ کرتے ہوئے اسی کے مطابق راحت کام انجام دیے گئے ہیں ۔
سیلاب سے متاثرہ طلبہ میں نوٹ بکس اور اسٹیشنری ائٹمس پر مشتمل بیگز کی منظم انداز میں تقسیم کے لیے جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ پر ایک ڈسٹری بیوشن سینٹر قائم کیا گیا تھا۔جناب محمد مجیب االاعلیٰ امیر مقامی جماعت اسلامی ملک پیٹ نے اس کام میں حصہ لینے والے تمام والنٹیئرس بالخصوص جناب جنیدالرحمٰن قادری ، تنظیمی سکریٹری، ریلیف ٹیموں کے کوآرڈینیٹر جناب عبدالوودو ،آفس سکریٹری جناب عبدالرحیم فہیم ، ریلیف ٹیموں کے انچارج صاحبین جناب عبدالمجید نظامی ،جناب حافظ جنید حفیظ ،جناب معز الدین آصف اور جناب عبدالباری کی بے لوث و مخلصانہ خدمات کی تحسین کرتے ہوئے ان سبھی کے حق میں دعائے خیر کی۔