جنرل نیوز

 تجوید و قرات ٹریننگ کے تیسرے بیچ کا مسجدِ قطب شاہی، چھوٹی مسجد مراد نگر میں یکم نومبر سےآغاز

حیدرآباد، 13 اکتوبر (پریس ریلیز)قرآن کریم کو سبعہ و عشرہ قرأتوں سے بھی پڑھا جاتا ہے اسی میں سے ایک قرأت سید امام عاصم کوفیؒ کی بھی ہے جس کی تعلیم ہندوستان کے ممتاز قاری و ماہر استاد تجوید و قرات ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی بنیادی قواعد تجوید کے ساتھ ساتھ طلباء کو دے رہے ہیں جس سے طلباء میں تلاوت قرآن کا ذوق بھی بڑھ رہا ہے اور قرآن سے محبت اور اس میں مہارت بھی پیدا ہو رہی ہے – اللہ عزوجل کی جانب سے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے اور

 

 

ہر لفظ کو مخارج و صفات کی حسن ادائیگی کے ساتھ تلاوت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اسی ہدایت کے پیش نظر مسجدِ قطب شاہی (چھوٹی مسجد)، مراد نگر، حیدرآباد میں تجوید و قراءت کی ایک بامقصد تحریک کا آغاز کیا گیا۔حافظِ قاری ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی، ڈائریکٹر شرفیہ قراءت اکیڈیمی کی زیرِ نگرانی اپریل 2025 میں جزوقتی تربیتی پروگرام “تجوید و قراءت کورس برائے حفاظ و قراء” کا آغاز کیا گیا تھا اس کے اب تک دو بیچ انتہائی کامیابی کے ساتھ تکمیل پا چکے ہیں۔اس کورس کے دوسرے بیچ کی تکمیل کے موقع پر جلسہ تقسیمِ اسناد و شجرہ قراءت مورخہ 11 اکتوبر 2025 بروز ہفتہ، بعد نمازِ ظہر مسجدِ قطب شاہی (چھوٹی مسجد)، مراد نگر میں منعقد ہوا۔

 

 

پروگرام کی نگرانی جناب محمد لطیف خان صاحب، بانی و چیئرمین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی و صدر مسجدِ قطب شاہی (چھوٹی مسجد) نے کی جبکہ رئیس القراء حافظ قاری ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی نے سر پرستی فرمائی۔بیس روزہ “امام عاصم کوفیؒ قراءت کورس” کے دوسرے بیچ میں ملک و بیرون کے مختلف مدارسِ حفظ کے 15 حفاظِ کرام اور 10 دیگر شرکاء—جن میں پروفیشنلز جیسے ڈاکٹرز، انجینئرز اور اساتذہ شامل رہے سب نے کامیابی کے ساتھ اس کورس کو مکمل کیا ۔جلسہ کا آغاز حافظ قاری محمد عمر شرف الدین کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قاری محمد ادریس مصباحی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ اس موقع پر طلباء نے مظاہرۂ قراءت کے ساتھ اپنے تاثرات بھی پیش کیے۔

 

 

 

قراءت کورس مکمل کرنے والے تمام 25 شرکاء میں اسناد و شجرہ قراءت صدرِ مسجد و ارکانِ مجلسِ انتظامی کی جانب سے تقسیم کیے گئے۔جناب محمد لطیف خان صاحب نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “قرآن کا حق ہے کہ اسے صحیح تلفظ، تجوید اور ترتیل کے ساتھ پڑھا جائے۔ اسی مقصد کے تحت مسجدِ قطب شاہی نے یہ علمی و عملی سعی شروع کی ہے، تاکہ بالخصوص حفاظِ کرام اپنی تلاوت کو مزید معیاری بنا سکیں۔”انہوں نے کورس مکمل کرنے والے تمام طلباء کو مبارکباد پیش کی اور تجوید و قراءت کورس کے تیسرے بیچ کا اعلان کیا، جو اِن شاءاللہ یکم نومبر 2025سے شروع ہوگا۔ کلاسز روزانہ صبح 6:15 تا 8:15 بجےمنعقد ہوں گی۔

 

 

 

 

 

گزشتہ بیچز کی طرح اس بار بھی بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری و ماہرِ فنِ تجوید و قراءت حافظ و قاری ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی اس کورس کی تدریس فرمائیں گے۔قاری محمد نصیرالدین منشاوی نے بالخصوص حفاظِ قرآن سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بابرکت و جز وقتی پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھایئں کیونکہ یہ کورس بالخصوص حفاظ قرآن اور ائمہ عظام کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ مساجد کی محرابوں سے خوبصورت تلاوتیں گونجیں اور مصلیان کرام ان تلاوتوں سے لطف اندوز ہوں۔رجسٹریشن کے لئے فون نمبر 63006 75308پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

 

 

 

جلسہ تقسیم اسناد و شجرہ قراءت کے اختتام پر حافظ قاری ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی نے دعا فرمائی۔انتظامی کمیٹی مسجدِ قطب شاہی (چھوٹی مسجد) مراد نگر کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button