تلنگانہ

تلنگانہ میں اقلیتی خواتین کے لئے اسکیمیں: صدر ضلع ایم پی جے نے حکومت سے درخواستیں دوبارہ وصول کرنے کا مطالبہ کیا

محمد کاظم حسین رنگریز، صدر ضلع ایم پی جے نارائن پیٹ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقلیتی خواتین کے لیے شروع کی گئی اسکیموں کو فعال کرے۔

 

حکومت نے گزشتہ ماہ دو نئی اسکیمیں—’’انداراماں اقلیتی مہلا یوجنا‘‘ اور ’’ریونت آنا کا سہارا‘‘—کے تحت آن لائن درخواستیں جمع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان اسکیموں کے ذریعے بیواؤں، طلاق شدہ اور غیر شادی شدہ خواتین کو خودمختار اور خودکفیل بنانے کا موقع فراہم کیا جانا تھا۔

 

صدر ضلع ایم پی جے نے بتایا کہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے چھ اکتوبر تک آن لائن درخواستیں جمع کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا، لیکن بدقسمتی سے ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے ویب سائٹ بند کر دی گئی، جس کے نتیجے میں کئی خواتین اپنی درخواستیں جمع نہیں کرا سکیں۔

 

اب جب کہ انتخابی ضابطہ اخلاق ختم ہو چکا ہے، بے سہارا خواتین اپنی درخواستیں جمع کروانے کے لیے بے چین ہیں اور سیکڑوں خواتین اس موقع کے منتظر ہیں۔

 

محمد کاظم حسین رنگریز نے چیف منسٹر ریونت ریڈی، محمد علی شبیر اور عبید اللہ کوتوال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر توجہ دیں اور بیواؤں و دیگر اقلیتی خواتین کو درخواستیں جمع کروانے کا موقع فراہم کریں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button