پنجاب و جموں کے سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری – جمعیۃعلماء ہند کی جانب سے بہت جلد متاثرہ مقامات پر باز آباد کاری کا کام شروع کیا جائے گا: مولاناحلیم اللہ قاسمی

پنجاب و جموں کے سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی سروے رپورٹ صدر جمعیۃعلماء ہند کی اجازت سے بہت جلد متاثرہ مقامات پر باز آباد کاری کا کام شروع کیا جائے گا: مولاناحلیم اللہ قاسمی
ممبئی 14؍اکتوبر (نمائندہ ) اگست 2025 میں صوبہ جات پنجاب ،ہماچل پردیش اور جموں میںسیلاب اور لینڈ سلائڈ سے بھاری نقصانات ہوئے۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم نے جمعیۃ علماء ہند کے کارکنان کو امداد وریلیف کی ہدایت کی۔جس پر لبیک کہتے ہوئے ملک کے ہر گوشے اور کونے سے جمعیۃعلماء کے خدمات نے سیلاب متاثرین کو بنیادی ضرورتیں فراہم کیں ۔
ایک دو ماہ بعد جب سیلاب کا اثر کم ہوگیا ،حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃعلماء ہند کی ایماء پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا ایک پانچ رکنی وفد سیلاب زدہ علاقے کے دورے کے لئے روانہ کیا گیا۔جس میں مولانا اشرف قاسمی پالنپوری، قاری عبد الرشید حمیدی، مولانا عبدالقیوم مالیگاؤں،صوفی مشتاق دھولیہ، مولانا عبدالوہاب قاسمی ممبرا شامل تھے۔اس وفد کو یہ ہدایت کی گئی کہ وہ متاثرین کے نقصانات کا سروے کرے اور ان کی بازآبادکاری کی سفارش مرتب کرے۔
جمعیۃعلماء پنجاب کے جنرل سکریٹری مفتی محمد یوسف صاحب کی رہبری میں وفد نے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا ،اور اپنی رپورٹ تیار کی۔ بعض بستیاں مکمل طور پر نیست و نا بود ہو گئیں ،اور بعض جگہ مکانات کے مرمت کی ضرورت ہے۔
وفد کا یہ تأثر ہے کہ انسانی جانوں کا اتلاف زیادہ نہیں ہوا ہے لیکن مکانات اور فصلوں کا نقصان زیادہ ہے اور غریب بستیوں میں جانوروں کی کافی تعداد ہلاک ہوئی ہے،جن پر ان بستی کے لوگوں کا معاشی دارو مدار تھا۔
وفد نے متاثرہ علاقے میں ایک عشرہ گزار کر اپنی سروے رپورٹ تیار کی اور 9؍اکتوبر 2025 کو جمعیۃعلماء ہند کے مرکزی دفتر آئی ٹی او دہلی پہونچ کر حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم صدر جمعیۃعلماء ہند کی خدمت میں پیش کی ۔جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی اور جنرل سکریٹری مفتی محمد یوسف قاسمی نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ بہت جلد اس سروے رپورٹ کی روشنی میں صدر جمعیۃعلماء ہند کی اجازت سے متاثرہ مقامات پر باز آباد کاری کا کام شروع کردیا جائے گا۔
وفد نے جن مقامات کا سروے کیا ہے ان کی تفصیل درج ذیل ہے۔
(۱) سیلاب متاثرین مقام رام سنگھ بھینی ،گلابوں بھینی، ضلع پٹھان کوٹ پنجاب 12؍مکانات (۲) پنڈی پڑولی ،بمبال ضلع پٹھان کوٹ پنجاب14؍مکانات (۳) مقام کوہ لیان اڈا و اطراف 25؍مکانات(۴) بہادر پورہ ،تحصیل و ضلع پٹھان کوٹ پنجاب13؍مکانات(۵) مقام ملک پورہ ضلع رام بن جموں 16؍مکانات (۶)رینگی چنینی ضلع ادھم پور جموں 11؍مکانات(۷)ناشتری چنینی ضلع ادھم پور 15؍مکانات(۸) تھارڈ بالی نالہ ضلع ادھم پور ،جموں 83؍مکانات(۹) پمپا کسلور،جیمل سنگھ والا ضلع پٹھان کوٹ پنجاب13؍مکانات(۱۰) چنینی ضلع ادھم پور ،جموں32؍مکانات
(۱۱)سب ڈویزن گول ضلع رام بن، جموں 10؍مکانات (۱۲) گروداس پور کے اطراف پنجاب 2؍مکانا ت۔