نرمل میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی یوم تاسیس تقریب

نرمل/ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کی یوم تاسیس کے 43 ویں یوم تاسیس کے موقع پر آج ایس آئی او نرمل یونٹ کی جانب سے اسلامک سنٹر نرمل پر پرچم کشائی انجام دی گئی بعد ازاں صدر ایس آئی او نرمل یونٹ سید عباس علی کی صدارت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام درانی امیر مقامی جماعت اسلامی ہند نرمل نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم میں ریڈھ کی ہڈی کے مانند ہوتے ہیں نوجوان ہی قوموں کے عروج میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کے اخلاق و کردار کی طاقت سماج کی تعمیر نو اور ملک کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے۔ایس آئی او اپنے قیام سے ہی اس بات کیلئے کوشاں رہی ہے کہ ان کی صحیح خطوط پر تربیت ہو فکری و عملی گمراہی دور کی جائے اور دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے ان کو تیار کیا جائے ممبر ایس آئی او نرمل یونٹ محمد منور عالمؔ نے "موجودہ معاشرہ میں ایس آئی او کی ضرورت” کے عنوان پر خطاب
کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی او کا بنیادی مقصد نوجوانوں اور طلبہ کو زندگی کے اصل مقصد سے روشناس کرانا اور انہیں الٰہی ہدایت کے مطابق سماج کی تعمیرِ نو کے لیے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے زمانے میں جب اخلاقی اقدار زوال پذیر ہیں، ایس آئی او نوجوانوں کو پنپتی اخلاقی بیماریوں سے بچانے اور ان کی تربیتِ کردار میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نوجوانوں میں قیادت کے ایسے مثبت اوصاف پیدا کرنا چاہتی ہے جو انہیں شدت پسندی سے دور رکھتے ہوئے اعتدال اور توازن کی راہ پر قائم کریں۔ تنظیم نوجوانوں کو حالات کا مقابلہ مثبت طرزِ فکر کے ساتھ کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ اور اپنی روحانی تربیت کا ذریعہ قرآن مجید کو بنائے۔۔
محمد منور عالمؔ نے مزید کہا کہ ایس آئی او کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان اخلاق و تعلیم میں ترقی کریں، انسانی مسائل کے حل میں سرگرم کردار ادا کریں، باطل کے خلاف مضبوط آواز بنیں اور غفلت کے شکار نوجوانوں میں بیداری کی لہر پیدا کریں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی اس معاشرے کی روشن کرن اور مستقبل کی امید ہیں۔ انہی کے عزم، علم اور اخلاق سے صالح و پرامن سماج کی تشکیل ممکن ہے، اور یہی ایس آئی او کی جدوجہد کا اصل پیغام ہے۔ صدر ایس آئی او نرمل یونٹ سید عباس علی نے کہا ایس آئی او کا قیام 19/اکتوبر1982عملمیں آیا ایس آئی او اپنے قیام کے اول روز سے ہی طلباء و نوجوانوں کو الی ہدایات کے مطابق تیار کررہی ہے انہوں نے کہا نوجوان اپنے اندر صالح اخلاق پیدا کریں اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے جدو جہد کریں
اس موقع پر ایس آئی او نرمل یونٹ کے ممبران سید فاروق ،سمیر،سلمان ارباز،فیصل،سمیر ،ارکان جماعت اسلامی ہند نرمل سیدواجد پاشاہ ،وصی اللہ خان ، کارکنان جماعت اسلامی ہند نرمل ایم اے علیم، مجاہد خان ، شیخ اسلم ،جواد کے علاوہ طلباء و نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔




