تلنگانہ

ایس۔آئی۔او عادل آباد کی جانب سے "حیا از لائف” مہم کا آغاز — نوجوانوں میں اخلاقی و ذہنی استحکام پر زور

عادل آباد 29 / اکتوبر (اردو لیکس)اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن ( ایس ۔آئی ۔او )عادل آباد یونٹ نے تلنگانہ کی ریاستی سطح پر جاری مہم کے حصے کے طور پر “حیا از لائف – میننگ، موریلٹی اینڈ ٹرنکویلٹی” کے عنوان سے ایک ماہ طویل "یوتھ ایشوز کیمپین” کا آغاز کیا۔ یہ مہم 12 اکتوبر سے 10 نومبر 2025 تک جاری رہے گی

 

۔اس مہم کا مقصد نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی سماجی، جذباتی اور ذہنی صحت کے مسائل پر شعور بیدار کرنا اور اخلاقی و ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویے کو فروغ دینا ہے۔چہار شنبہ کے روز اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ ریاستی صدر محمد فراز احمد نے ایس ۔آئی ۔او عادل آباد یونٹ ذمے داران کے ہمراہ عادل آباد پریس کلب میں یوتھ ایشوز کیمپین پوسٹرس کی رسمِ اجراء انجام دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد فراز احمد نے کہا کہ جدید تفریح اور سوشل میڈیا کے بے قابو رجحانات نوجوانوں میں اخلاقی زوال، بے حیائی اور خواتین کے تئیں عدم احترام کو فروغ دے رہے ہیں

 

۔ انہوں نے تشویشناک اعداد و شمار پیش کیے۔جن کے مطابق بھارتی نوجوان روزانہ اوسطاً 6 گھنٹے سے زائد اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں۔ہر 7 میں سے 1 نوجوان کسی نہ کسی ذہنی مسئلے کا شکار ہے۔بھارت فحش مواد دیکھنے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے، جن میں 70 فیصد ناظرین کی عمر 34 سال سے کم ہے۔حیدرآباد میں 57 فیصد کالج طلبہ فحش مواد دیکھنے کے عادی ہیں۔تلنگانہ میں حال ہی میں بچوں سے متعلق 74 فحش کیس درج کیے گئے، جب کہ 2023 میں خواتین پر جرائم کی تعداد 23,678 تک پہنچ گئی۔

خواتین کے خلاف سائبر کرائم کے 120 کیس رپورٹ ہوئے۔

۔انہوں نے کہا کہ ضرورت سے زیادہ اسکرین استعمال اور غیر مناسب مواد دیکھنے کے نتیجے میں طلبہ میں تعلقات کی خرابی، تعلیمی کارکردگی میں کمی، جذباتی عدم استحکام اور ذہنی سکون کی کمی جیسے منفی اثرات پیدا ہورہے ہیں۔اس مہم کے دوران ریاست بھر میں طلبہ اور نوجوانوں کے لیے مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن میں لِسننگ سرکلز، کاؤنسلنگ سیشنز، ڈیجیٹل ڈی ٹاکس ورکشاپس، والدین و اساتذہ کے لیے سیمینارز، اور ماہرین کے لیکچرز شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوانوں میں ذہنی استحکام، اخلاقی تربیت، خود پر قابو، اور سماجی ذمہ داری کا شعور پیدا کرنا ہے۔ایس ۔آئی ۔او نے والدین، اساتذہ، سماجی رہنماؤں اور پالیسی سازوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوان نسل کو واضح سوچ، اخلاقی اعتماد اور ذمہ دارانہ طرزِ زندگی کی طرف رہنمائی کے لیے باہمی تعاون کریں۔یہ مہم نوجوانوں میں ڈیجیٹل لت، اخلاقی الجھن اور ذہنی دباؤ سے پیدا ہونے والے مسائل کے خاتمے کی سمت ایک مثبت قدم قرار دی جارہی ہے۔

 

اس موقع پر اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن عادل آباد یونٹ صدر سیف الدین ،عادل آباد یونٹ سیکریٹری شیبان اسلام ،اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ میڈیا سیکریٹری سید عماد الدین ،اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ ارٹس اینڈ کلچرل سیکریٹری عبدلرحمان ،عمامہ کے علاوہ دیگرذمے داران موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button