ایجوکیشن

ایم ایف ای آر ڈی کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے سنہری موقع۔قومی سطح پرملّت ٹیلنٹ سرچ امتحان 2026کے ذریعہ دس کروڑ روپئے کے اسکالرشپس کا اعلان

حیدرآباد۔ 29 اکٹوبر (پریس ریلیز)ملّت فاؤنڈیشن فار ایجوکیشن، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (MFERD) نے دسویں جماعت کے طلباء کے لیے ایک غیر معمولی تعلیمی موقع فراہم کرتے ہوئے چوتھے "ملّت ٹیلنٹ سرچ امتحان 2026” (Millat Talent Search Exam 2026) کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس امتحان کا مقصد ہندوستان بھر کے باصلاحیت طلبہ و طالبات کو قومی سطح پر اپنی قابلیت دکھانے اور مستقبل کے تعلیمی اہداف حاصل کرنے کا موقع دینا ہے۔ اس امتحان میں کامیاب طلباء کے لئے دس کروڑ روپئے کے اسکالر شپس کے ساتھ ہزار طلباء کو ملک کے چھ معروف و معتبر تعلیمی اداروں میں داخلے مہیا کروائے جائیں گے۔

 

 

ایم ایف ای آر ڈی کے ایک اہم شریک ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب انور احمد نے بتایا کہ اس اسکالرشپ امتحان کا مقصد ملت کے نوجوانوں میں اعلیٰ تعلیم کے لیے حوصلہ افزائی پیدا کرنا اور انہیں بہترین تعلیمی اداروں میں داخلوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلباء بڑے خواب دیکھیں اور ان خوابوں کو حاصل کرنے کے لیے بہترین تربیت حاصل کریں۔ یہ امتحان انہی خوابوں کی تکمیل کی سمت ایک مضبوط قدم ہے۔”

 

 

ملّت ٹیلنٹ سرچ امتحان 2026کے ذریعے منتخب ہونے والے طلباء کو ،پلس ٹو/انٹرمیڈیٹ کورس کے ساتھ NEET، IIT-JEE (مینس/ایڈوانسڈ)، CA فاؤنڈیشن، CLAT، اور NDA کی کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ کامیاب طلباء کو چھ معروف اداروں ، ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی، حیدرآباد، انیس ڈیفنس کیریئر انسٹی ٹیوٹ (ADCI) پونے، الامین میٹرکولیشن ہائر سیکنڈری اسکول، کمباکونم تمل ناڈو، ہدا پری یونیورسٹی کالج میسورکرناٹک، ہند گرو اکیڈیمی نئی دہلی اور اسکالر کیریئر اکیڈیمی احمد آباد گجرات ،میں سے کسی ایک ادارہ میں اپنی پسند کے مطابق کورس میں داخلے دیے جائیں گے۔

 

 

ملّت ٹیلنٹ سرچ امتحان 2026 کے لئےرجسٹریشن کا آغا ز 25 اکتوبر 2025 سے ہو چکا ہے، جبکہ آخری تاریخ 25 نومبر 2025 ہے۔ امتحان 30 نومبر 2025 بروز اتوار، صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک منعقد ہوگا۔ امتحان آف لائن موڈ میں ملک کی 23 ریاستوں کے 200 سے زائد مراکز پر لیا جائے گا۔ امتحانی فیس صرف 100 روپے ہے۔رجسٹریشن کے لیےطلباء mtse.gleamappstore.com وزٹ کر سکتے ہیں۔

 

 

ملّت ٹیلنٹ سرچ امتحان 2026اسکالرشپ کے فوائد اس طرح ہوں گے کہ ٹاپ 200 رینکس، 100 فیصد اسکالرشپ کے حقدار ہوں گے۔ جبکہ 201سے400 رینک حاصل کرنے والے طلباء کو 75 فیصد اسکالرشپ حاصل ہوگی اور401 سے 600 کے درمیان رینک حاصل کرنے والے طلباء کو 50 فیصد اسکالرشپ دی جائے گی۔ایم ایف ای آر ڈی سال 2023 سے ملّت ٹیلنٹ سرچ ایگزام کا انعقاد کررہا ہے۔ اب تک منعقدہ تین ٹیلنٹ سرچ امتحانات اور اسکالر شپس کی مددسے تقریبا دوہزار طلباء مستفید ہوئے ان میں سے بیشتر طلباءآئی آئی ٹیز، این آئی ٹیز، ایمس اور دیگر سرکاری و معروف میڈیکل کالجس اور این ڈے اے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

 

 

یہ امتحان ایک قومی سطح کا مقابلہ ہے جو طلبہ و طالبات کو ماہر اساتذہ کی رہنمائی، جدید کوچنگ، اور رہائشی یا ڈے اسکالر دونوں آپشنز کے ساتھ کامیابی کی نئی راہیں فراہم کرے گا۔مزید معلومات کے لیے فون نمبرس 8106586622/9573519922 یا

77330 08622 پر رابطہ کیا جا سکتا ہےیا mtse@ms.academy پر ای میل کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button