آکولہ شہرمیں ۲؍ نومبر کو تحفظِ شریعت کا عظیم الشان اجلاس کا انعقاد۔مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور نائب صدر مولانا عبیداللہ خان اعظمی کی خصوصی شرکت

آکولہ،۳۱؍اکتوبر(ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ)آکولہ شہر میں ۲؍ نومبر۲۰۲۵بروز اتوار شام۳۰:۶بجے ’’تحفظِ شریعت کا عظیم الشان اجلاس‘‘ بعنوان ایک تاریخی عوامی اجتماع کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ یہ روحانی و فکری اجتماع اوپن ایئر تھیٹر، آکولہ میں منعقد ہوگا، جس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB) کے اعلیٰ عہدیداران، ممتاز علمائے کرام، سماجی رہنما اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اس اجلاس کو شہر آکولہ کے علمی، سماجی اور مذہبی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہو رہی ہے، اور اسے شریعت کے تحفظ اور عوامی بیداری کے لیے ایک سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
اس عظیم الشان پروگرام میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے قومی صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور نائب صدر و سابق راجیہ سبھا رکن مولانا عبیداللہ خان اعظمی بطور مہمانِ خصوصی و مقررِ خصوصی شرکت کریں گے۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی عالمِ اسلام کی ایک ممتاز علمی و فقہی شخصیت ہیں جنہوں نے اسلامی قانون، سماجی انصاف، مسلم پرسنل لا، اور جدید تمدنی چیلنجز کے حوالے سے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اُن کی تحریری و علمی خدمات کا دائرہ وسیع ہے اور اُن کے ۵۰؍ سے زائد علمی و فقہی تصانیف برصغیر کے علمی حلقوں میں مستند مراجع کی حیثیت رکھتی ہیں۔ وہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمانِ حق کی حیثیت سے نہ صرف ہندوستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی امتِ مسلمہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
مولانا عبیداللہ خان اعظمی ایک باکمال خطیب، متحرک سماجی رہنما اور مسلم حقوق کے مضبوط علمبردار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اُنہوں نے اپنی پارلیمانی زندگی اور عوامی تحریکوں کے ذریعے ہمیشہ ملک کے آئینی اصولوں، مذہبی آزادی اور سماجی انصاف کے تحفظ کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ اُن کی شعلہ بیانی اور حق گوئی نے ہر طبقہ? فکر میں احترام حاصل کیا ہے۔اس اجلاس کا بنیادی مقصد شریعتِ اسلامی کی صحیح تفہیم کو عوام تک پہنچانا، موجودہ دور کے چیلنجز میں دینی شعور بیدار کرنا، اور شریعت کے خلاف پیدا کی جا رہی غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ اجتماع ملی اتحاد، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔آکولہ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے بتایا ہے کہ
یہ پروگرام مکمل طور پر عوام کے لیے کھلا ہے، اور تمام برادرانِ وطن، دانشوروں، سماجی شخصیات، طلبہ و نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت فرما کر اس بامقصد اجلاس کو کامیاب بنائیں۔ کمیٹی نے کہا کہ شریعت کا تحفظ صرف علما کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری ملت کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور اس شعور کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔اس اجلاس کے انتظامی اُمور میں سرگرم شخصیات میں مفتی اشفاق قاسمی، ایم ایل اے ساجد خان پٹھان، مولانا اسماعیل شمی، سابق وزیر جناب خان محمد اظہر حسین، حاجی مدام خان، جاوید زکریا،، سابق کارپوریٹر نقیب خان، شیخ عزیز سکندر، رفیق صدیقی، عرفان خان
معین خان، جاوید خان، شہباز خان، معیزالدین خان، اصغر خان، فیاض خان، سلام خان، رحیم پینٹر، افسر قریشی، شیخ رازق، شاہد خان اور محسن خان شامل ہیں۔کمیٹی کے اراکین نے اُمید ظاہر کی ہے کہ آکولہ کا یہ اجتماع نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ پورے ودربھ، مہاراشٹر اور ملک بھر میں ایک نئی فکری بیداری اور عملی تحریک کا سبب بنے گا۔
 
 


