تلنگانہ جاگرُتی کی صدر کے کویتا کا عادل آباد رمس اسپتال کا دورہ — مریضوں کی تکالیف سے واقفیت، بہتر سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ

تلنگانہ جاگرُتی کی صدر کے کویتا کا رمس اسپتال کا دورہ — مریضوں کی تکالیف سے واقفیت، بہتر سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ
جاگرُتی تنظیم کی صدر محترمہ کویتا نے آج عادل آباد کے رمس اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں صفائی کی حالت نہایت ابتر ہے اور ہر طرف بدبو پھیلی ہوئی ہے۔ اس بارے میں اسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ صفائی کی ذمہ داری نئی ایجنسی کو سونپی گئی ہے۔
کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں تمام بنیادی سہولتیں فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ غریب مریضوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ڈاکٹرس اور نرسنگ اسٹاف عوامی خدمت میں مصروف ہیں، لیکن ان کے مطالبات پر حکومت کو توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عادل آباد میں کارڈیاک اٹیک اور کینسر کے کیسز تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں۔ عادل آباد جیسے سرسبز ضلع میں کینسر کا پھیلاؤ خطرناک اشارہ ہے، اس پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے اور عوامی صحت کے بارے میں تفصیلی اسٹڈی کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپتال میں کارڈیالوجسٹ کی تقرری ضروری ہے، جبکہ لفٹ کی خرابی کے باعث مریضوں کو سخت دشواری پیش آ رہی ہے۔
آخر میں کویتا نے زور دیا کہ صحتِ عامہ کے شعبے کو زیادہ بجٹ دیا جائے، خاص طور پر رمس جیسے اسپتالوں میں طلبہ اور اقلیتی طبقہ کے مریضوں کے لئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔



