جنرل نیوز

خواتین اور طالبات کی تحفظ کے لئے ضلع پولیس کا خصوصی اقدام — “پولیس akka” پروگرام کا آغاز

عادل آباد ۔ 4/نومبر (اردو لیکس)

 

عادل آباد ضلع میں خواتین اور طالبات کے تحفظ اور آگاہی کے لئے ضلع پولیس کی جانب سے پہلی بار "پولیس akka” (پولیس باجی) کے نام سے ایک منفرد پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد طالبات کو جنسی ہراسانی، ایو ٹیچنگ، سوشل میڈیا جرائم، ’گڈ ٹچ‘ اور ’بیڈ ٹچ‘ جیسے موضوعات پر بیداری فراہم کرنا ہے۔

یہ پروگرام منگل کے روز ضلع ایس پی جناب اکھل مہاجن (آئی پی ایس) کی جانب سے سماجی بہبود اسکول میں منعقد ہوا، جہاں 250 سے زائد طالبات شریک ہوئیں۔

 

ضلع ایس پی نے بتایا کہ ہر پولیس اسٹیشن کی ایک خاتون کانسٹیبل کو “پولیس akka” کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، جو ہر ہفتے دو سے تین دن اسکولوں اور کالجوں کا دورہ کر کے طالبات سے براہِ راست ملاقاتیں کریں گی، ان کے مسائل سنیں گی اور انہیں قانون و تحفظ کے بارے میں آگاہ کریں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ “پولیس akka” پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں بھی خصوصی بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کا مقصد طالبات میں یہ اعتماد پیدا کرنا ہے کہ اگر ان کے ساتھ کوئی ناانصافی یا ظلم ہو تو وہ بلا جھجھک پولیس کو اطلاع دیں۔

 

ضلع ایس پی نے واضح کیا کہ ایو ٹیچنگ، بچپن کی شادیاں، سوشل میڈیا پر ہراسانی، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے بلیک میلنگ اور محبت کے نام پر دھوکہ دہی جیسے جرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس ہر ممکن تعاون کرے گی۔ متاثرہ طالبات یا خواتین کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی اور انہیں انصاف دلانے کے لیے مکمل مدد فراہم کی جائے گی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ طالبات اپنی زندگی میں بڑے مقاصد طے کریں، نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور حوصلے کے ساتھ کامیابی کی راہ پر گامزن ہوں۔ کسی بھی ایمرجنسی میں ڈائل 100 یا شی ٹیم نمبر 8712659953 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ پولیس کو دی گئی تمام معلومات مکمل طور پر رازدارانہ رکھی جائیں گی۔

 

اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی اُٹنور کاجل سنگھ (آئی پی ایس)، ڈی ایس پی عادل آباد ایل جیون ریڈی، پرنسپل للیتا کماری، سی آئیز سوامی، بی سنیل کمار، کے فنیدھر، کے ناگا راجو، پرنئے کمار، پریم کمار، انجمہ، خواتین کانسٹیبلز اور دیگر پولیس عملہ موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button