اوٹکور ریلوے اسٹیشن کو جلد اپ گریڈ کیا جائے گا: وزیر واکٹی سری ہری

اوٹکور: وزیر واکٹی سری ہری نے کہا کہ اوٹکور ریلوے اسٹیشن کو جلد ہی کراسنگ اسٹیشن کے طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا، جو مقامی عوام کی دیرینہ خواہش رہی ہے۔
انہوں نے منگل کے روز حیدرآباد میں ریلوے نیلایم میں جنوبی وسطی ریلوے کے جنرل منیجر سنجے کمار سریواستو سے ملاقات کی اور اوٹکور ریلوے اسٹیشن کے اپ گریڈیشن سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیر واکٹی سری ہری نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے وکارآباد – کرشنا نئی ریلوے لائن پراجکٹ کے لیے زمین کے حصول کے اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس پراجکٹ سے مکتھل، نارائن پیٹ، وکارآباد اضلاع اور اطراف کے کئی دیہات کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ کابینہ پہلے ہی اس پراجکٹ کے لیے 438 کروڑ روپے مختص کر چکی ہے۔ 122 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کرشنا – مکتھل – نارائن پیٹ – دمرگڈڈا – بالم پیٹا – دولت آباد – کوڑنگل – پریگی – وکارآباد کے راستے گزرے گی، جس میں اوٹکور ایک اہم حصہ ہے۔
وزیر نے کہا کہ اوٹکور اسٹیشن کو کراسنگ اسٹیشن کے طور پر اپ گریڈ کرنے سے تقریباً 30 دیہاتوں کے 60 ہزار سے زائد عوام کو فائدہ ہوگا اور روزگار کے لیے مختلف شہروں کا سفر ان کے لیے آسان ہوجائے گا۔
اس موقع پر جنوبی وسطی ریلوے کے جنرل منیجر سنجے کمار سریواستو نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اوٹکور اسٹیشن کے اپ گریڈیشن کے کام کو جلد ہی منظوری دی جائے گی۔
اس ملاقات میں جنوبی وسطی ریلوے کے ڈپٹی جنرل منیجر کوٹلا ادے ناتھ، ریلوے سکریٹری سرینواس، اوٹکور کانگریس پارٹی کے صدر یگنیشور ریڈی، شیوا اور دیگر مقامی قائدین موجود تھے۔



