صفا بیت المال شاخ عادل آباد کی جانب سے ماہانہ وظائف کی تقسیم کا سلسلہ جاری

عادل آباد، 5 نومبر (اردو لیکس)
صفا بیت المال شاخ عادل آباد کی جانب سے سال بھر مختلف رفاہی و فلاحی خدمات کا سلسلہ جاری ہے، جن کا مقصد معاشرتی بہبود اور ضرورت مند طبقے کی عملی مدد کرنا ہے۔
ان خدمات میں ضرورت مندوں، مسافروں، غریب و نادار لڑکیوں کی شادی کے لئے جزوی امداد، طبی امداد، اور جسمانی معذورین، بیواؤں اور بے سہارا افراد میں ماہانہ وظائف کی تقسیم شامل ہے۔ یہ سلسلہ گزشتہ دو برسوں سے پابندی کے ساتھ جاری ہے۔
اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر، آج بروز چہارشنبہ 5 نومبر 2025 کو دفتر صفا بیت المال شاخ عادل آباد میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں 26 معذورین، بیواؤں اور بے سہارا افراد میں فی کس 500 روپے کے حساب سے 13,000 روپے اور دو شدید ضرورت مند افراد میں 1,000 روپے فی کس کے حساب سے مجموعی طور پر 15,000 روپے نقد وظائف کی صورت میں تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر صدر صفا بیت المال مولانا سید مبشر احمد رشیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام معاشرتی ذمہ داریوں کا حصہ ہے اور ادارہ ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے کوشاں رہتا ہے۔
تقریب میں معتمد صفا حافظ کاظم پاشاہ مصباحی، حافظ عبدالعزیز، حافظ شیخ بشیر احمد اور دیگر معززین موجود تھے جنہوں نے پروگرام کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کیا۔
وظائف حاصل کرنے والے مستحقین نے صفا بیت المال کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مولانا سید مبشر احمد رشیدی صدر صفا بیت المال شاخ عادل آباد نے اہلِ خیر حضرات سے اپیل کی کہ ادارہ کے ماہانہ اخراجات ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر جاتے ہیں، جو مکمل طور پر مخیر حضرات کے تعاون سے پورے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زکوٰۃ، صدقات، عطیات اور گھروں میں موجود بے ضرورت سامان یا اسکریپ (scrap) کے ذریعہ ادارہ کی فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کریں۔
جزاکم اللہ خیراً
📞 تعاون کے لیے رابطہ کریں:
9704599133, 8019889580, 9441850209, 9441873344



