ڈاکٹرس کی تنظیم DARE کیجانب سے CONNEXON میگزین کا رسم اجراء معروف ڈاکٹرس و ماہرینِ طب کی شرکت، میگزین، تحقیق و تجربات کے تبادلے کا نیا پلیٹ فارم

ڈاکٹرس کی تنظیم DARE کیجانب سے CONNEXON میگزین کا رسم اجراء
معروف ڈاکٹرس و ماہرینِ طب کی شرکت، میگزین، تحقیق و تجربات کے تبادلے کا نیا پلیٹ فارم
ڈاکٹرس ایسوسی ایشن فار ریلیف اینڈ ایجوکیشن (ڈیر) کے زیر اہتمام طبی مجلہ ”کونیکسون ” کا رسم اجراء کانفرینس ہال مسلم میٹیرنیٹی زنانہ اینڈ چلڈرنس ہاسپٹل آعظم پورہ حیدرآباد میں انجام پایا۔ جس میں معروف مذہبی، سماجی اور مختلف شعبہ طب سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی
۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی پروفیسر ریاض، چیئرمین تلنگانہ راشٹرا گرندھالیا پریشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونیکسون میگزین طبی شعبے میں تحقیق، تعلیم اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز میں علمی مہارت اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔انجینئیرمرزا آعظم علی بیگ صاحب سٹی سیکریٹری جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اطباء کرام انسانی خدمت اور محبت کے جذبہ سے اپنے طبی فرائض کو انجام دیں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابیاں حاصل کرسکیں۔
تقریب میں شریک معزز اطباء میں ڈاکٹر پی۔ ونئے کمار سرجیکل گیسٹرو انٹیرولوجسٹ، ڈاکٹر جلیل کرمانی نیورو سرجن، ڈاکٹر عبدالماجد عادل یورولوجسٹ، ڈاکٹر صادق آعظم کارڈیالوجسٹ، ڈاکٹر سید اکرم ریڈیشن آنکالوجسٹ، ڈاکٹر عتیق الرحمٰن نیورولوجسٹ، ڈاکٹر اصفیہ انعم ریاستی صدر جی آئی او تلنگانہ اور برادر سلمان میڈیکو ریاستی نائب صدر ایمسا تلنگانہ شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ کونیکسون میگزین اطباء کرام کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا جہاں وہ تجربات، تحقیق اور خیالات کا تبادلہ کر سکیں گے
۔ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین اسسٹینٹ پروفیسر فیزیالوجی و ایڈیٹر کونیکسون نے مجلہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور اطباء کرام و میڈیکوز سے اپیل کی کہ وہ اس مجلہ کا حصہ بنیں.پروفیسر ڈاکٹر احمد عبد الخبیر صدیقی ای این ٹی، ہینڈ اینڈ نیک آنکو سرجن و ریاستی صدر (ڈیر) تلنگانہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس مجلہ کا مقصد صرف معلومات پہنچانا نہیں بلکہ شعبۂ طب میں خدمت کے جذبوں کو پروان چڑھانا، اقدار پر مبنی طبی اخلاقیات اور اصولوں کو مستحکم کرنا ہے
۔ اس پروگرام میں ڈیر تلنگانہ کے سپریم کونسل اور شہر حیدرآباد کی مینیجینگ کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر رحیق احمد خان انیستھیٹیسٹ کی تلاوت و ترجمانی سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ ڈاکٹرغضنفرالدین ڈینٹل سرجن نے پروگرام کی کارروائی چلائی اور ڈاکٹر خضر حسین جنیدی جنرل فیزیشن کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔




