ایم ایس جونیئر کالج کے دو مزید طلبہ مرزا حسن رضا اور محمد حسن الدین نے سی اے فاؤنڈیشن امتحان میں کامیاب۔ اب تک کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 144 ہوگئی

حیدرآباد،8 نومبر۔ پریس ریلیز۔ایم ایس جونیئر کالج کے دو باصلاحیت طلبہ مرزا حسن رضا اور محمد حسن الدین نے ستمبر 2025 میں منعقدہ سی اے فاؤنڈیشن امتحان کامیابی سے پاس کرلیا۔ اس طرح اس سال ایم ایس کےتین طلبہ نے اس باوقار امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل محمد زہیر حیدر نے مئی 2025 کے امتحان میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ ان تینوں طلبہ نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ ایم ایس جونیئر کالج کے اساتذہ، تدریسی طریقہ کار، اور ادارے کے شاندار تعلیمی و تربیتی ماحول کو دیا ہے۔
اس کامیابی پراپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے طالب علممحمد حسن الدین نے کہا "الحمدللہ! میں ایم ایس کے تمام اساتذہ کا شکر گزار ہوں کہ آج میں جس مقام پر ہوں، وہ انہی کی رہنمائی اور محنت کی بدولت ہے۔ ہم روزانہ آٹھ سے نو گھنٹے تیاری کرتے تھے، اور ایم ایس کی جانب سے مسلسل ٹیسٹ اور رہنمائی نے ہمیں بہت مدد دی۔ میں اپنے دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے ساتھ مل کر تیاری میں میرا حوصلہ بڑھایا۔”
اسی طرح مرزا حسن رضا نے کہا "الحمدللہ! میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ایم ایس جونیئر کالج کی فیکلٹی نے میری بھرپور رہنمائی کی۔ اساتذہ نے ہر لیکچر میں واضح اور مؤثر انداز میں پڑھایا، باقاعدہ امتحانات لیے، اور مکمل نوٹس فراہم کیے جن سے تیاری میں بہت آسانی ہوئی۔ میں نے بھی سخت محنت کی، جس کا نتیجہ آج میری کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔”
سی اے فاونڈیشن کامیاب ایم ایس کےتینوں طلبہ کی نظریں اب سی اے کے امتحان کے اگلے مرحلے ، سی اے انٹرمیڈیٹ پر مرکوز ہیں۔سی اے فاونڈیشن کے ساتھایم ایس جونیئر کالج کا انٹر میڈیٹ ایم ای سی پروگرام اپنی معیاری تدریس، انفرادی رہنمائی، اور مسلسل تربیتی ماحول کے باعث ملک بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔ اب تک ایم ایس کے 144 طلبہ سی اے فاونڈیشن میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے چارٹرڈ اکاؤنٹنسی سے منسلک ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیرمین محمد لطیف خان نے سی اے فاؤنڈیشن میں کامیاب ہونے والے تمام طلبہ اور ان کے والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا “یہ کامیابی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ ہم ان باصلاحیت طلبہ کی محنت، عزم اور مستقل مزاجی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ وہ آئندہ مراحل میں بھی اسی لگن کے ساتھ کامیابی کی منازل طے کریں۔ میں ایم ایس جونیئر کالج کے تمام اساتذہ کو بھی دل سے مبارکباد دیتا ہوں جن کی انتھک محنت اور اخلاصِ نیت کے نتیجے میں آج 144 طلبہ چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کے پیشہ میں قدم رکھ چکے ہیں۔ ایم ایس اداروں کا مقصد صرف امتحانی
کامیابی تک محدود نہیں بلکہ ایسے دیانت دار، ماہر اور سماجی طور پر مفید چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس تیار کرنا ہے جو ملت و قوم کے لیے حقیقی سرمایہ ثابت ہوں۔”



