ایک سے زیادہ شادی کرنے پر 7 سال جیل – آسام میں کثرت ازدواج قانون کو منظوری

گوہاٹی: آسام حکومت نے باضابطہ طور پر کٹرت ازدواج (پولگیامی) کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ایک اہم قانون کی منظوری دی ہے۔ نئے قانون کے تحت اب کوئی بھی شخص ایک ہی وقت میں ایک سے زائد شادی نہیں کرسکے گا۔
ریاستی کابینہ نے اعلان کیا کہ "آسام پولگیامی پروہیبیشن بل 2025” کو 25 نومبر کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اس بل کے مطابق اگر کوئی شخص پہلی شادی کے خاتمہ یا قانونی طلاق کے بغیر دوسری شادی کرتا ہے تو اسے 7 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ پولیس کو یہ بھی اختیار دیا گیا ہے کہ وہ بغیر وارنٹ کے ایسے افراد کو گرفتار کرسکے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس قانون کا اطلاق ریاست کی قبائلی برادریوں اور شیڈول 6 علاقوں پر نہیں ہوگا، تاکہ وہاں کے روایتی سماجی ڈھانچے کو متاثر نہ کیا جائے۔ اسی طرح مسلم اقلیت کے وہ نکاح جو سال 2005 سے پہلے انجام پائے، اس قانون سے مستثنیٰ رہیں گے۔
چیف منسٹر ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ یہ قانون خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کی خودمختاری کی سمت میں ایک تاریخی قدم ہے۔ حکومت ان خواتین کے لیے ایک خصوصی امدادی فنڈ بھی قائم کر رہی ہے جو کٹرت ازدواج نظام سے متاثر ہوئی ہیں۔



