جنرل نیوز

جگتیال میں مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش تقریب – مختلف قایدین کا خراجِ عقیدت

 

محکمۂ اقلیتی بہبود جگتیال کی جانب سے آج مجاہدِ آزادی اور ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام کلکٹر آفس جگتیال میں منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے عہدیداران، ملازمین اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر بی ایس لتا، ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیئر آفیسر آر ایس چترو، محمد مجیب الدین (INTUC)، محمد سراج الدین منصور سابق نائب صدرنشین بلدیہ ، مکثر علی نہال کانگریس مائناریٹی صدر اور دیگر معزز شخصیات نے مولانا آزاد کی تصویر پر گلپاشی کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

پروگرام میں محکمہ اقلیتی بہبود کے ملازمین منہاز نورین (اردو آفیسر)، دھرنی دھر (سینئر اسسٹنٹ)، ششی دھر، مرلی (جونیئر اسسٹنٹس)، محمود علی افسر، محمد فصیح العابدین، سید ساجد حسین، محمد آصف الدین، صفی العابدین، محمد عقیل خان، محمد رئیس، ونود سمیت جگتیال، کورٹلہ، میٹ پلی اور دھرم پوری کے اردو کمپیوٹر مراکز و لائبریریوں کے عملے نے بھی شرکت کی۔

 

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد نہ صرف ایک عظیم مجاہدِ آزادی تھے بلکہ وہ ہندو مسلم اتحاد کے علمبردار، بلند پایہ مفکر، اور ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم بھی تھے۔ انہوں نے آزادی کی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا اور متعدد مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

 

مقررین نے مزید کہا کہ مولانا آزاد 1888 میں مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام محی الدین احمد اور لقب مولانا آزاد تھا۔ وہ صحافت سے بھی وابستہ رہے اور الہلال اخبار کے بانی و مدیر تھے۔ 1920 میں انہوں نے انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور 1940 میں رام گڑھ اجلاس میں پارٹی کے صدر منتخب ہوئے۔ وہ 1946 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

 

آزادی کے بعد انہیں پنڈت جواہر لال نہرو کی کابینہ میں ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم کے طور پر شامل کیا گیا۔ ان کے دور میں ہندوستان کی تعلیمی پالیسی کی بنیاد رکھی گئی۔ وہ ملک کی تقسیم کے سخت مخالف تھے اور ہمیشہ قومی یکجہتی پر زور دیتے رہے۔

 

مولانا آزاد 22 فروری 1958 کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوئے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں ہر سال 11 نومبر کو ملک بھر میں یومِ تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button