پداپلی میں قومی یومِ تعلیم کا شاندار انعقاد — مولانا ابوالکلام آزادؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت

پداپلی میں قومی یومِ تعلیم کا شاندار انعقاد — مولانا ابوالکلام آزادؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت
پداپلی، 11 نومبر (نامہ نگار) — محکمۂ اقلیتی فلاح و بہبود کے زیرِ اہتمام آج ضلع کلکٹر آفس میں بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزادؒ کی یومِ پیدائش کے موقع پر قومی یومِ تعلیم کے سلسلے میں ایک پُروقار و شاندار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر سرکاری و غیر سرکاری محکموں کے عہدیداران، سماجی رہنما، علمائے کرام اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندگان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
تقریب کی صدارت ضلع کلکٹر جناب کویا سری ہرشہ صاحب نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزادؒ برصغیر کے اُن عظیم مفکرین اور رہنماؤں میں سے تھے جنہوں نے تعلیم کو قومی ترقی کا بنیادی ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزادؒ کی خدمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم تعلیم کو عام کریں اور ہر بچے تک علم کی روشنی پہنچائیں۔
اس موقع پر اضافی کلکٹر ڈی. وینو صاحب نے خطاب کرتے ہوئے مولانا آزادؒ کے تعلیمی وژن کو سراہا اور کہا کہ اُن کی تعلیمات آج بھی قوم کی رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
مفتی محمد استقام الدین قاسمی، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع پداپلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا ابوالکلام آزادؒ نہ صرف ایک عظیم مجاہدِ آزادی تھے بلکہ ایک اعلیٰ پایہ کے مفسر، مفکر اور تعلیم دوست رہنما بھی تھے۔ اُن کی علمی و فکری خدمات کو تاریخ ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھے گی۔
تقریب میں ریاستی اقلیتی سکریٹری سید مسرت صاحب، ضلع اقلیتی صدر اکبر صاحب، مسعود صاحب، ڈاکٹر عزیز صاحب، ایم اے معید صاحب، تبریز صاحب، سلمان صاحب، ضلع اقلیتی اقامتی اسکول کے پرنسپل، ضلع فلاح و بہبود محکمہ کے افسر جے رنگاریڈی صاحب، محترمہ افشاں اور عقیل صاحب سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں مولانا آزادؒ کی علمی، قومی اور تعلیمی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اُن کے نظریات اور کردار سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے تاکہ ملک و ملت کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔



