دہلی لال قلعہ دھماکہ۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مکمل و غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، 11 نومبر 2025۔آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ دہلی لال قلعہ حادثہ پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثاء سے گہری تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے ایک پریس بیان میں ملک کی راجدھانی میں عین لال قلعہ کے قریب ہوئے اس حادثہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعہ کی مکمل اور ہر پہلو سے جانچ کروائے۔
صدر بورڈ نے کہا کہ اگر یہ حادثہ ہے تو انتہائی افسوسناک ہے۔ جس میں اتنے بڑے پیمانے پر بے گناہ اور معصوم لوگوں کی جانیں چلی گئیں اور بڑے پیمانے پر لوگ زخمی ہوئے اور اگر یہ دہشت گردانہ کارروائی ہے تو انتہائی تشویش کی بات ہے اور ہماری سیکیوریٹی کے نظام پر ایک سوالیہ نشان کھڑا کرتی ہے کہ ملک کی راجدانی کے حساس علاقے بھی محفوظ نہیں ہیں۔
صدر بورڈ نے آگے کہا آزمائش کی اس گھڑی میں آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ سوگوار خاندانوں سے گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے۔



