اوقاف رجسٹریشن امید پورٹل پر وقت مقررہ سے قبل مکمل کرلیں۔فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس

جالنہ11 نومبر ( شیخ احمد شیخ اکبر جالنوی) : فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے ذمہ داروں نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام وقف املاک بشمول مساجد، مدارس، قبرستانوں، خانقاہوں، درگاہوں اور امام بارگاہوں کو یو ایم ای ای ڈی پورٹل (امید) پر 5 دسمبر 2025 کی آخری تاریخ سے قبل تک رجسٹریشن مکمل کرلیں۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی وقف (ترمیمی) ایکٹ، 2025 کے نفاذ کے بارے میںحکومتی اپیل کے بعد ضروری ہے کہ اوقاف کی جائدادوں کو امید پورٹل پر ساری ضروری کاغذات کے ساتھ اپلوڈ کیا جائے۔ اے آئی ایم پی ایل بی نےسپریم کورٹ میں پہلے ہی ایک درخواست دائر کر رکھی ہے۔ جس پر عدالت سے جزوی راحت فراہم کی گئی ہے، لیکن جائیداد کی معلومات اپ لوڈ کرنے کی ذمہ داری ابھی بھی برقرار ہے۔
فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ مقررہ وقت کے اندر اپ لوڈ کرنے کا عمل مکمل کرنے میں ناکامی سے وقف املاک کی قانونی حیثیت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ فیڈریشن نے کہا، ’’وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔ ہماری مساجد، مدارس اور قبرستانوں کا تحفظ ہماری فوری اور اجتماعی کارروائی پر منحصر ہے۔ اُمید پورٹل پر درست معلومات اپ لوڈ کرنا ایک قانونی ضرورت اور ایک مذہبی ذمہ داری دونوں ہے‘‘۔فیڈریشن کے ذمہ داروں نے مسلم پرسنل لا بورڈ کے ضلع، تحصیل اور بلاک سطح پر ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور مہاراشٹر میں بھی اسی طرح کے انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند
مہاراشٹر نے پہلے ہی اپنے وقف سیل کے ذریعے متولیوں (نگرانوں)، اماموں اور کمیونٹی رہنماؤں کی مدد کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اسی طرح ہر مسلم تنظیم، عالم اور رضا کار سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تکنیکی اور لاجسٹک مدد فراہم کریں تاکہ کوئی بھی ادارہ پیچھے نہ رہے۔فیڈریشن کے ذمہ داروں نےیہ واضح کیاکہ اپنی وقف املاک کو رجسٹر کرنا ہمارے حقوق سے دستبردار ہونے کا مطلب نہیں ہے۔ یہ ہمارے آئینی اور قانونی جنگ کو جاری رکھتے ہوئے ان کی حفاظت اور تحفظ کے لیے ایک اسٹریٹجک قدم ہے۔فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس نے تمام وقف مینیجرز اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ امید ویب پورٹل
umeed.minorityaffairs.gov.in پر جائیں، مطلوبہ دستاویزات کی چیک لسٹ کا جائزہ لیں، اور اپ لوڈ کرنے کا عمل آخری تاریخ سے پہلے مکمل کریں۔ فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس کے جوائنٹ پریس ریلیز کے ذریعہ یہ بیان دیا گیا ہے ۔پریس ریلیز دینے والوں میں مولانا عمرین محفوظ رحمانی ، سیکریٹری مسلم پرسنل لا بورڈ محمود احمد دریا آبادی جنرل سکریٹری علماء کونسل،مولانا حافظ الیاس خان فلاحی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند ، مولانا حافظ سید اطہر،عالم دین اہل سنت والجماعت صدر علماء ایسوسی ایشن ممبئی ، مہاراشٹر ، مولانا حلیم اللہ قاسمی، صدر جمعیتہ علمائے ہند مہاراشٹر فرید شیخ صدر امن کمیٹی ممبئی ، عبدالحفیظ پترکار جالنہ، مولانا ظہیر عباس رضوی نائب صدر شیعہ پرسنل لاء بورڈ ، حافظ اقبال چونا والا رُکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند، ڈاکٹر سعید احمد
فیضی،ناظم عمومی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر،مولانا مفتی حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیت علمائے ہند مہاراشٹر ، مولانا آغا روح ظفر ،امام خوجہ جماعت ممبئی ، مولانا انیس اشرفی رضا فاؤنڈیشن ممبئی، مولانا نظام الدین فخر الدین ، ممبر مسلم پرسنل لا بورڈ پونہ،ہمایوں شیخ ناظم ممبئی جماعت اسلامی ہند ، شیخ عبدالمجیب کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس شامل ہیں۔



