گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ میں مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش تقریب کے موقع پر قومی یومِ تعلیم کا انعقاد

نارائن پیٹ: 11 نومبر (اردو لیکس) گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ میں آج مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ ولادت کے موقع پر قومی یومِ تعلیم تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس کی صدارت کالج کے پرنسپل و ضلع انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسر مسٹر ایچ سدرشن راؤ نے کی، جبکہ پروگرام کی نظامت لیکچرر حافظ محمد چاند پاشاہ نے انجام دی
۔ پروگرام میں طلبہ و طالبات نے مولانا ابوالکلام آزاد کی خدمات پر مبنی تقاریر، نظمیں پیش کیے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا آزاد نہ صرف ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم تھے بلکہ ایک عظیم مفکر، مدبر، مصنف اور سچے محبِ وطن تھے۔ انہوں نے تعلیم کو ہر شہری کا بنیادی حق قرار دیا اور آزاد ہندوستان کے تعلیمی نظام کی بنیاد رکھی
۔ پرنسپل مسٹر ایچ سدرشن راؤ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مولانا آزاد کی فکر آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اُنہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم کو اپنی کامیابی اور قوم کی ترقی کا زینہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علم حاصل کرنا صرف ایک ذاتی ضرورت نہیں بلکہ ایک قومی فریضہ بھی ہے۔
قبل ازیں طلباء وطالبات کے لیے تحریری مقابلہ منعقد کیا گیا تھا جس میں اول دوم سوم آنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اردو لیکچرر جناب شنکر چوہان نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر اسٹاف کے دیگر اراکین، لیکچررس اور بڑی تعداد میں طلبہ شریک ہوئے۔ قومی ترانے کے ساتھ تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔



