اقبال اکیڈمی جدہ کے زیر اہتمام ماہر تعلیم و دانشور ریاض علی خاں کا خیرمقدم

ریاض ۔ (پریس نوٹ) اقبال اکیڈمی جدہ کے زیر اہتمام ممتاز ماہرِ تعلیم اور معروف دانشور جناب ریاض علی خان (سابق نائب پرنسپل، انورالعلوم کالج، حیدرآباد) کی خیرمقدمی محفل کا انعقاد عمل میں آیا۔ جناب ریاض علی خاں اپنے نجی دورے پر جدہ آئے ہوے ہیں۔
اس محفل کا اہتمام جناب محمد فہیم الدین (نائب صدر و جنرل سیکریٹری، اقبال اکیڈمی جدہ) کی رہائش گاہ پر کیاگیا۔ اس موقع پر جناب ریاض علی خان صاحب کو اقبال اکیڈمی جدہ کی مختلف ادبی و تعلیمی سرگرمیوں سے روشناس کرایا گیا۔اکیڈمی کی جانب ریاض علی خاں کی پذیرائی کی گئی اور تہنیت پیش کرتے ہوئے ان شال پوشی کی گئ نیز انہیں ادبی کتب جیسے باقیات اقبال اور دروس الحرمین بطور تحفہ پیش کی گئیں۔
جناب ریاض علی خان نے اس موقع اپنے دلی جذبات مسرت کا اظہار کیا اور اقبال اکیڈمی کے جدہ میں قیام پر ذمہ داران کو مبارکباد دی اور محافل اقبال کے متواتر انعقاد پراور فکر اقبال کے پیام کو عام کرنے کی سعی پیہم پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنی دعاؤں سے نوازہ۔ انھون نے اپنے ادبی و قومی خدمات پر بھی روشنی ڈالی، جو وہ الخیر سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے انجام دے رہے ہیں۔
اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوے ریاض صاحب نے کہاکہ اقبال نے خاص کر بچوں کی تربیت کے لئے بہت سی نظمیں لکھی ہیں، نونہالوں کواس سے واقف کرانے کی ضرورت ہے اور نوجوان نسل اردو سے نا بلد ہوتی جا رہی ہے، اقبال کی فکرسے بچوں اور نوجوانوں کو جوڑنے کی ضرورت ہے اور اردو سے روشناس کرانا بھی بہت ضروری ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ دیار غیر میں اکیڈمی پیام اقبال کو عام کرنے اور اردو کی بقاء و ترویج کے لئے جو کوششیں کررہی ہیں وہ قابل ستائش ہیں، اللہ اکیڈمی کی کوششوں کامیابی سے ہمکنار فرماۓ اورمقصد میں استقامت عطافرماۓ۔
اس موقع پر اقبال اکیڈمی جدہ کے متعدد معزز اراکین موجود تھے، جن میں چیف ایڈوائزر جناب شمیم کوثر، فائنانس ایڈوائزر جناب محمد عبد الحق ہاشم، سیکریٹری جناب سید عبد الوھاب قادری، جوائنٹ سیکریٹری جناب محمد توصیف خان، میڈیا انچارج جناب محمد آصف،اور ایگزیکٹو ممبران جناب ریاض احمد، مرتضیٰ شریف صابر اور معراج علی وغیرہ شامل ہیں۔



