مملکت فلو کی زد میں ۔ ادارہ تعلیم کی احتیاطی تدابیر، فلو میں مبتلا طلبا سکول نہ آئیں

ریاض ۔ کے این واصف
موسمی تبدیلی کی وجہ سے مملکت کے تمام شہرون میں فلو کی وباء عام ہے۔ اس حوالے سے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے بچوں میں ’ “فلو” کی علامات ظاہر ہوں تو سکول نہ بھیجیں۔ تاکہ دیگر بچے متاثر نہ ہوں۔
مقامی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جاری ہدایات پرعمل کرتے ہوئے مملکت کے تعلیمی اداروں نے والدین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزارت صحت کا کہنا تھا کہ امسال انفلوئنزا کے سیزن کا آغاز جلد ہو گیا ہے جس کی وجہ سے اسکولوں میں بیشتر طلبا فلو کا شکار ہوسکتے ہیں۔
سکریٹری ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے انکشاف کیا کہ مملکت میں کسی قسم کا نیا وائرس نہیں صرف نارمل سیزنل فلو ہے جس میں احتیاطی تدابیر پرعمل کیا جائے ۔عسیری نے مزید کہا کہ سیزنل فلو میں جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے جبکہ ہڈیوں اور جوڑوں میں درد کی شکایت ہوتی ہے۔ فلو کا شکار عام طور پر بچے، چھوٹی جماعتوں کے طلبا اور بڑی عمر کے افراد ہوسکتے ہیں۔
ویکسین کے حوالے سے ڈاکٹر عسیری کا کہنا تھا کہ مملکت کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور طبی مراکز میں فلو ویکسین کے انتظامات موجود ہیں لوگوں کو چاہئے کہ دسمبر کے آغاز سے قبل ہی ویکسینیشن کرالیں تاکہ فلو وائرس کے حملے سے محفوظ رہا جاسکے۔



