تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے صدرڈاکٹر شجاع الدین افتخاری کو "کارنامہ حیات ایوارڈ” اور سابق صدر اطہر معین کو ستارہ صحافت ایوارڈ ، ریاست گیر سطح پر مبارکبادیوں کا سیلاب

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے صدرڈاکٹر شجاع الدین افتخاری کو "کارنامہ حیات ایوارڈ” اور سابق صدر اطہر معین کو ستارہ صحافت ایوارڈ ، ریاست گیر سطح پر مبارکبادیوں کا سیلاب
حیدرآباد (پریس نوٹ)تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے صدر جناب ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری اور سابق صدر جناب اطہر معین صاحب کو ان کی طویل اور ناقابلِ فراموش صحافتی خدمات کے اعتراف میں "کارنامۂ حیات ایوارڈ” "ستارہ صحافت ایوارڈ” سے نوازے جانے پر ریاست بھر کے صحافتی، علمی، ادبی اور سماجی حلقوں میں مسرت و شادمانی کی لہر دوڑ گئی۔
یہ ایوارڈ دراصل ان دونوں شخصیات کی دہائیوں پر محیط خدمات، قربانی، اور اردو صحافت کی آبرو کی حفاظت میں ادا کیے گئے غیر معمولی کردار کا عملی اعتراف ہے۔ جناب ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری نے ہمیشہ اردو زبان کے فروغ، صحافیوں کے حقوق کے استحکام، اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنی قلمی بصیرت اور غیر معمولی جراتِ اظہار سے نمایاں خدمات انجام دیں۔ اسی طرح جناب اطہر معین اگزیکیٹیو ایڈیٹر روزنامہ منصف نے اپنے سنجیدہ، باوقار اور اصولی طرزِ صحافت سے اردو صحافت کو ایک نئی سمت عطا کی۔ ان کے مضامین، تجزیات اور ادارتی تحریریں آج بھی معیار کی حیثیت رکھتی ہیں۔اس پرمسرت موقع پر تنظیم کے سرپرستِ اعلیٰ جناب ڈاکٹر ساجد معراج اور جنرل سکریٹری مفتی محمد رئیس الدین قاسمی نے دونوں شخصیات کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یہ اعزاز نہ صرف دو قابلِ احترام شخصیات کے لئے ایک انفرادی افتخار ہے بلکہ پوری اردو صحافتی برادری کے لئے باعثِ عزت و وقار ہے”انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرشجاع الدین افتخاری اور اطہر معین جیسے سینئر صحافیوں کی رہنمائی ہی نے نئی نسل کے صحافیوں میں زبان و بیان کی لطافت، سچائی کی جستجو، اور پیشہ ورانہ دیانت داری کو مضبوط کیا ہے۔ریاست کے مختلف اضلاع سے وابستہ یونین کے صدور، معتمدین، اراکین و رفقا نے بھی متفقہ طور پر مبارکباد کے پیغامات روانہ کئے اور دونوں شخصیات کی طویل عمر اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
حیدرآباد، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر، محبوب نگر، ورنگل، اور نلگنڈہ، میدک،کھمم، رنگاریڈی متحدہ اضلاع کے نمائندوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ
"یہ ایوارڈ اردو صحافت کے وقار سچائی اور استقامت کی فتح ہے۔شجاع الدین افتخاری اور اطہر معین جیسے رہنما ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔”
یقیناً یہ لمحہ نہ صرف اردو ورکنگ جرنلسٹس کے لئے بلکہ تلنگانہ کی پوری اردو برادری کے لئے فخر و مسرت کا لمحہ ہے۔



