تلنگانہ

جماعت اسلامی ہند،حیدرآباد کی جانب سے اُمّید پورٹل پروقف جائیدادوں کے اندراج سے متعلق اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد

جماعت اسلامی ہند،حیدرآباد کی جانب سے اُمّید پورٹل پروقف جائیدادوں کے اندراج سے متعلق اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد

امیر حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین،وقف انسپکٹرڈاکٹر ایم اے حکیم،ڈاکٹر شیخ محمدعثمان،ڈاکٹر محمد مبشر احمد و دیگر کا خطاب

دفتر جماعتِ اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ،لکڑکوٹ چھتہ بازار،حیدرآباد میں وقف جائیدادوں کے اندراج اور حکومت کے اُمّید پورٹل سے متعلق ایک اہم شعور بیداری و تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر حلقہ جماعتِ اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین نے کہا کہ وقف ایک امانت ہے، اور اس کا تحفظ ملت کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں متحد ہو کر اس کام کو آگے بڑھانا ہے

 

تاکہ تمام وقف جائیدادوں کا اندراج جلد از جلداُمّید پورٹل پر مکمل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعتِ اسلامی ہند تلنگانہ اس ضمن میں عوامی بیداری اور عملی سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر سرگرم عمل ہے۔ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان،کنوینر اے پی سی آر، تلنگانہ نے اپنے خطاب میں وقف ایکٹ، وقف جائیدادوں کے اندراج کے قانونی تقاضوں، اوراُمّید پورٹل کے استعمال کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ اس پورٹل کے ذریعے ریاست کی تمام وقف املاک کا ریکارڈ آن لائن درج کیا جا سکتا ہے۔پاور پوائنٹ پریزنٹیشن اور اسکرین کے ذریعے رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ شرکاء کو پورٹل کے استعمال کا عملی فہم حاصل ہو۔

 

سکریٹری ملی امور حلقہ تلنگانہ جناب سید فخرالدین علی احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملت کے اجتماعی مفاد میں وقف املاک کی حفاظت نہایت ضروری ہے اور جماعت کی سطح پر یہ کام ملی خدمت کے طور پر انجام دیا جا رہا ہے۔وقف انسپکٹر سرکل۔2 ڈاکٹر ایم اے حکیم نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دئے۔ ناظمِ شہر جماعت اسلامی ہند،عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمدنے افتتاحی کلمات میں اجلاس کے مقاصد اور وقف املاک کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی

 

۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کی جانب سے مختلف ریاستوں میں ایس۔ آئی۔ آر کا کام شروع کردیا گیاہے۔ عنقریب تلنگانہ میں بھی اس کا آغاز ہونے والا ہے۔ ہمیں اس کے لئے بھی مستعدی کے ساتھ تیار رہنا ہے۔سٹی سکریٹری جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ نے کام کی نوعیت اوراُمّید پورٹل پر اندراج کے عملی مراحل سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔جناب محمد حسین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اجلاس میں شہر کے مختلف مقامات سے ذمہ داران جماعت اور سرگرم کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی ہند پچھلے پندرہ دنوں سے پوری ریاستِ تلنگانہ میں وقف جائیدادوں کے تحفظ اور اندراج سے متعلق شعور بیداری مہم چلا رہی ہے۔

 

کئی اضلاع اور منڈل ہیڈکوارٹرز پر وقف بورڈ اور وقف انسپکٹرز کے تعاون سے تربیتی اجلاس منعقد کیے گئے اور اندراج کے لیے کاؤنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔جماعتِ اسلامی ہند پہلے دن سے ہی اس اہم ملی و قانونی موضوع پر منظم انداز میں کام کر رہی ہے۔شہرحیدرآباد میں جماعتِ اسلامی ہند، حیدرآباد کی جانب سے جلد ہی اُمّید پورٹل میں رجسٹریشن اور رہنمائی کے لیے آٹھ مراکز (کاؤنٹرز) قائم کیے جائیں گے تاکہ وقف جائیدادوں کے اندراج کے عمل کو تیز اور آسان بنایا جا سکے

 

۔یہ مراکز آصف نگر(جماعت سٹی آفس)،قطب اللہ پور،ونستھلی پورم،گولکنڈہ،سن سٹی،لنگم پلی،یاقوت پورہ اورپہاڑی شریف پر قائم کئے جائیں گے۔ان مراکز پر وقف جائیدادوں کے متولیان، اراکینِ کمیٹی اور متعلقہ افراد کو اندراج کے تمام مراحل میں رہنمائی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button