بلرام پور میں کانٹے کا مقابلہ: مجلسی امیدوار عادل حسن محض 389 ووٹوں سے شکست، کارکنوں میں شدید مایوسی
بہار اسمبلی انتخابات میں بلرام پور حلقہ وہ واحد مقام رہا جہاں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین جیت کے بالکل قریب پہنچ کر بھی کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ مجلس کے امیدوار اور یوتھ مجلس بہار کے صدر و قومی ترجمان عادل حسن ایڈوکیٹ کو انتہائی معمولی فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حلقہ میں لوک جن شکتی پارٹی کی امیدوار سنگیتا دیوی نے مجموعی طور پر 80,459 ووٹ حاصل کرکے کامیابی درج کی، جب کہ عادل حسن محض 389 ووٹوں کے فرق سے پیچھے رہ گئے اور انہیں 80,070 ووٹ ملے۔ نتائج سامنے آتے ہی مجلس کے کارکنوں اور مقامی حامیوں میں شدید مایوسی کی لہر دوڑ گئی
، کیونکہ پورے حلقے میں آخری مرحلے تک سخت مقابلہ جاری رہا اور امید یہ تھی کہ یہ نشست بھی مجلس اپنے نام کرے گی۔ باوجود اس کے کہ شکست کا مارجن نہایت کم تھا،
اس انتخاب نے برادرانِ حلقہ میں مجلس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور مضبوط سیاسی موجودگی کو واضح طور پر نمایاں کر دیا ہے۔



