مملکت -آئندہ حج میں 15 لاکھ عازمین کو “بلا سامان” سفری سہولت فراہم کی جائے گی

ریاض ۔ کے این واصف
عازمین حج کو سہولتیں بہم پہنچانے کے سلسلہ میں ایک اور قدم۔ سعودی ایئرپورٹس ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے آئندہ حج سیزن میں 15 لاکھ عازمین کو بلا سامان سفری سہولت فراہم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشنز محمد خیر الدین نے بتایا کہ ایئرپورٹس ہولڈنگ کمپنی کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ عازمین حج کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جائیں جو مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس وزارتِ حج اور ڈیجیٹل ٹریکنگ منصوبے کے اشتراک سے حج 1446 ہجری میں 43 ممالک کے 10 لاکھ سے زائد حجاج کو مملکت کےہوائی اڈوں پر بلاسامان سفر کی سہولت فراہم کی گئی تھی ۔
عازمین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی کا منصوبہ ہے کہ آئندہ حج میں اس کا دائرہ 15 لاکھ عازمین تک پھیلا دیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج کرام اس سے مستفیض ہو سکیں۔
واضح رہے بلا سامان سفر عازمین کے لیے مثالی سہولت ہے جس کے ذریعے مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کے سامان پر وزارتِ حج اور ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم کے تعاون سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انکی رہائشی عمارتوں کی نشاندہی کر دی جاتی ہے۔
پرواز کے مملکت پہنچتے ہی عازمین کے سامان کو ٹریکنگ سے گزرتے ہوئے گاڑیوں میں لوڈ کردیا جاتا ہے جنہیں انکی مطلوبہ عمارتوں میں پہنچا دیا جاتا ہے۔



