جنرل نیوز

حضرت شاہ محمد مظہر الدین چشتی القادری رحمہ اللہ کے 54ویں عرسِ مبارک کی تقاریب اختتام پذیر سرکردہ شخصیات کی حاضری ،

حضرت شاہ محمد مظہر الدین چشتی القادری رحمہ اللہ کے 54ویں عرسِ مبارک کی تقاریب اختتام پذیر سرکردہ شخصیات کی حاضری ،

 

حیدرآباد، 15نومبر (پریس ریلیز)

گلستانِ مظہریہ، لنگم پلی، کاچی گوڑہ میں سلطان المحبوبین، زبدۃ العارفین، مرشدی و مولائے حضرت سیدنا شاہ الحاج محمد مظہر الدین چشتی القادری رحمۃ اللہ علیہ کے 54ویں سالانہ عرسِ شریف کی روحانی و نورانی محفلیں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔

عرس کی دو روزہ تقاریب میں ہزاروں عقیدت مند، مشائخ، علمائے کرام، حفاظ و قراء اور مختلف شہر و مقامات سے آئے ہوئے زائرین نے شرکت کی۔جسکی سرپرستی: حضرت مولانا شاہ محمد خلیل الدین خالد مظہری چشتی و قادری سجادہ نشین حضرت ممدوح نے کیا جبکہ

حضرت مولانا شاہ محمد مظہر الدین چشتی القادری(ثانی)(فاضل جامعہ نظامیہ)نے نگرانی کیا انتظامات مولوی حافظ شاہ محمد فیضان چشتی القادری نے کیا خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے بارگاہ پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کے بعد اپنے اثرات کا اظہار خیال کرتے ہوئے بتلایا کہ دکن کی سرزمین، بالخصوص حیدرآباد دکن، صدیوں سے اولیاء اللہ کی آرام گاہ اور صوفیائے کرام کی خانقاہوں کا مرکز رہی ہے۔ یہاں کی فضاؤں میں محبتِ الٰہی، خدمتِ خلق، تہذیب و ثقافت، اور روحانی فیضان کی خوشبو آج بھی قائم و دائم ہے۔ ان روحانی سلسلوں کی تابناک کڑی حضرت شاہ محمد مظہر الدین چشتی القادری رحمہ اللہ کی ذات ہے جن کی خانقاہ گلستانِ مظہریہ آج بھی اصلاحِ قلوب، تزکیۂ نفس اور روحانی تربیت کا مرکز بنی ہوئی ہے۔”حضرت مظہر الدین چشتی القادری رحمہ اللہ نے اپنی زندگی خدمتِ خلق، محبت، حسنِ اخلاق، صبر اور رواداری کے ذریعے دکن کے روحانی ماحول کو نئی جہت عطا کی۔ ان کا فیضان آج بھی جاری ہے اور ان کی خانقاہ سے روشنی ہر دل تک پہنچ رہی ہے۔”علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ حضرت کی تعلیمات نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ایسے روحانی اجتماعات دلوں کو جوڑنے، محبت بانٹنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔

عرس کی اختتامی محفل میں ملک و ملت کی سلامتی، ہندوستان کی آئینی روایات کے تحفظ، امن و امان، بھائی چارے، اور پوری امت کی خیر و بھلائی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

حضرت کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ کلمات کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا۔

گلستانِ مظہریہ میں منعقد ہونے والی یہ روحانی مجلس، محبت و عقیدت کے سمندر سے لبریز، نورانی محفلوں، صوفیانہ کلام اور خدمتِ خلق کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حضرت مظہر الدین چشتی القادری رحمہ اللہ کے فیضانِ باطنی کو اپنی زندگیوں میں جاری رکھیں گے اور ان کی تعلیمات کو عام کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button