جمعیتہ علماء کے زیر اہتمام مکتھل میں وقف امید پورٹل پر شعور بیداری اجلاس کا کامیاب انعقاد۔

جمعیتہ علماء کے زیر اہتمام مکتھل میں ” وقف امید پورٹل ” پر شعور بیداری اجلاس کا، کامیاب انعقاد
اندراجات ودستاویزات کے حوالہ سے اہم مشورے ومذاکرہ
صدر ضلع جمعیتہ علماء نارائن پیٹھ مولانا عبد القوی حسامی کا خطاب
جمعیتہ علماء مکتھل کے زیر اہتمام نو تعمیر شدہ خوبصورت وقدیم تاریخی جامع مسجد مکتھل میں منعقدہ ” وقف امید پورٹل ” پر ایک اہم شعور بیداری اجلاس کا بڑا کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا جس کی نگرانی صدر ضلع جمعیتہ علماء نارائن پیٹھ مولانا حافظ عبد القوی حسامی نے کی،
اس اجلاس کا آغاز حافظ محمد عمران مریکل کی قرات کلام پاک سے ہوا جبکہ حافظ محمد سلیم فیضی نائب صدر جمعیتہ علماء مکتھل نے اپنے مخصوص ترنم میں بارگاہ خیرالانام میں ہدیہ نعت پیش کرتے ہوئے سماں باندھا، مولانا حافظ محمد نصیرالدین رشادی صدر جمعیتہ علماء مکتھل نے ابتدائی وخیرمقدمی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں وقف امید پورٹل کے سلسلہ میں عوام میں ابھی بڑے پیمانے پر شعور بیداری اور اس تعلق سے معلومات پہونچانے کی ضرورت ہے
اور جو حلقے کچھ واقفیت رکھتے ہیں وہ اندراجات اور اپنے مساجد، عیدگاہوں وقبرستانوں ودیگر مسائل کو لیکر الجھن کا شکار ہیں، اسی لئے عوام میں پائی جانے والی اس تشویش وبے چینی کو دور کرنے اور اپنے اپنے مقامات کے مساجد، مذہبی ملی واوقافی جایئدادوں کے صحیح اندراج اور اس ضمن میں مکمل رہبری ورہنمائی کیلئے جمعیتہ علماء نے اس اجلاس کا اہتمام کیا ہے، مولانا نے تمام شرکاء وحاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اجلاس کی کارروائی چلائی،
بعد ازاں مولانا حافظ عبد القوی حسامی صدر ضلع جمعیتہ علماء نارائن پیٹھ نے اپنے تفصیلی خطاب میں امید پورٹل کیا ہے اور کیوں اندراج کروانا ہے اور اس کے طریقہ کار پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور کہا کہ جو مساجد، قبرستان واوقافی ادارے وجایئداد پہلے سے وقف میں درج رجسٹر ہیں اور وقف گزٹ ان کے یہاں موجود ہے وہ بھی اپنی مکمل تفصیلات کے ساتھ درج کروایئں آور جن کا وقف میں رچسٹر نہیں ہے وہ بھی اندراج کروایئں، اس کے علاوہ مساجد اور عیدگاہوں ودیگر مذہبی عمارتوں کے دستاویزات وکاغذات ہیں تو بہت مناسب، اور اگر نہیں ہیں تو برقی بلز( کرنٹ بل ) یا گرام پنچایت ومیونسپلیٹی کے ہاوز نمبر، گھر ٹیکس رسید، یا کچھ بھی نہیں تو ایک قدیم بانڈ پیپر پر اس عمارت اور اس کے رقبہ کی تفصیل درج کرتے ہوئے وکیل کے ذریعہ نوٹری کرواکر بھی داخل کیا جاسکتا ہے
لہذا اس پورٹل میں کسی بھی طرح انٹری ضرور کروایئں، مولانا نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے اور اپنے مذہبی وملی عمارتوں کے تحفظ کیلئے اس وقف امید پورٹل میں انٹری کو ناگزیر قرار دیا، اس اجلاس میں صحافی جناب سید حسین رکن عاملہ جمعیتہ، اور جناب مجیب الرحمن رائچوری ملازم وقف بورڈ تیلنگانہ، کے علاوہ جناب زبیر انجینیر خازن جمعیتہ علماء مکتھل نے کمپیوٹر سے واقف نوجوانوں کو عملی طور پر اس میں اندراجات کے طرہقہ کار سے واقف کروایا اور ان نوجوانوں کو محبوب نگر مستقر پر ٹریننگ وتربیتی پروگرام میں شرکت کی بھی کامیاب ترغیب دی
، اس ” وقف امید پورٹل ” پر منعقد شعور بیداری اجلاس میں مستقر مکتھل کے علاوہ، نارائن پیٹھ، اٹکور، کولور، پورلہ، لنگم پلی، مدور، قاضی پور، نیل گرتی، بڑا پورلہ، مریکل، یلیگنڈلہ، بجوار، پھولمامڑی، مانگنور، کرنی، گوڈے بلور، مڑمال، وڈواٹ، ایڑولی، یرسن پلی، کرشنا، تنگڑگی، پنچ دیوپاڑ، نروا، بیکرپلی، کلوال، سنگم بنڈہ، شمشیر بنڈہ، مادھوار، کنمنور، ودیگر مقامات کے کمیٹیوں کے ذمہ دران، متولیان، سماجی قائدین شریک رہے، تمام حاضرین کیلئے ظہرانہ کا نظم کیا گیا تھا، اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ محبوب نگر مستقر پر دفتر وقف پورڈ، وقف کامپلیکس میں انٹری کے کئی کاونٹرس لگائے گئے ہیں، 18/نومبر بروز منگل سے دفتری اوقات میں پورے ضلع نارائن پیٹھ کے کسی بھی علاقہ کے ذمہ داران،اس سے استفادہ کرسکتے ہیں، نیز آیئندہ مزید حالات کی سنگینی، مساجد مدارس عیدگاہوں، قبرستانوں اور مذہبی عمارتوں سے متعلق متوقع نازک صورتحال کے پیش نظر صدر جمعیتہ علماء نارائن پیٹھ مولانا عبد القوی حسامی نے اعلان کیا کہ، دستاویزات وکاغذات کی درستگی کے ساتھ کمیٹیوں کو بھی رجسٹرڈ کروانے کے لئے جمعیتہ علماء،آپ کی مکمل رہبری ورہنمائی کیلئے تیار ہے اور جمعیتہ کی ان خدمات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے،
اس موقع پر مولانا حافظ عبد الحمید رشادی جنرل سیکریٹری جمعیتہ علما ضلع نارائن پیٹھ کے علاوہ جمعیتہ کے تمام ذمہ دران، حضرات علماء کرام، جامع مسجد مجلس انتظامی کے ذمہ دران، اور مقامی معزز قائدین بھی موجود تھے، مولانا عبد القوی صاحب حسامی صدر ضلع جمعیتہ علماء نارائن پیٹھ کی دعا پر اس کامیاب اجلاس کا اختتام عمل میں آیا




