ایم ایس مینجمنٹ کا مدینہ منورہ کے قریب زائرین عمرہ کو پیش آنے والے المناک بس حادثے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار۔ اسٹاف کی جانب سے چیرمین کی تہنیت کے لئے منعقدہ تقریب ملتوی

حیدرآباد، (18 نومبر ۔ پریس ریلیز) — ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے مینجمنٹ نے مدینہ منورہ کے قریب پیش آنے والے اس المناک بس حادثے پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جس میں حیدرآباد سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئے 42 زائرین جاں بحق ہوئے۔ یہ افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب تمام عازمین عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ پاک کی زیارت کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب انور احمد نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا حادثہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے بلکہ پورے شہر کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے ۔
جناب انور احمد نے مزید بتایا کہ ایم ایس کے اسٹاف کی جانب سے اپنے چیرمین محمد لطیف خان کو مولانا ابوالکلام آزادنیشنل ایوارڈ سے سرفراز کیئے جانے کی خوشی میں 20نومبرکو منعقد ہونے والی تہنیتی تقریب اس غم انگیز صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی پوری مینجمنٹ، اساتذہ، اسٹاف اور طلبہ اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو سکونِ قلب نصیب کرے۔



