“کتاب پڑھو، ادیب بنو۔ انجمن ترقی اردو ناگپور شاخ نے نئی مہم کا آغاز کیا

ریاض ۔ (پریس نوٹ)
انجمن ترقی اردو شاخ ناگپور نے ایک نئی مہم کا آغاز کیا۔ انجمن کے جاری پریس نوٹ کے مطابق کالجز کے طلباء و طالبات میں مطالعہ کتب کا شوق پیدا کرنے اور انہیں لکھنے کی ترغیب کی غرض سے انجمن ترقی اردو شاخ ناگپور کے زیر اہتمام ایک مہم ” آؤ کتاب پڑھیں اور آؤ ادیب بنیں” کا آغاز کیا گیا ۔
مزید یہ بھی اعلان کیا گیا کہ طلباء کے لکھے ہوئے تبصروں پر انجمن کی جانب سے اول دوم اور سوم آنے والے طلباء کو بطور انعام ایک سال تک رسائل و جرائد کا ممبر بنایا جائے گا۔اس مہم کے تحت ایس کے پوروال کالج کامٹی ضلع ناگپور میں شعبہ اردو کے طلباء و طالبات کو کتابیں اور رسائل تقسیم کیے گیے۔ اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
انجمن کے سیکریٹری ڈاکٹر اظہر حیات نے طلباء سے خطاب کرتے ہویے انجمن ترقی اردو کا تعارف پیش کیا اور کتب بینی کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ انجمن کے صدر ڈاکٹر أسد اللہ نے مہم کے تحت طلباء کو لکھنے کی ترغیب دی خصوصاً تبصرے کی تکنیک پر روشنی ڈالی ۔ انجمن کے خازن جناب عبد الوحید نے اپنے خطاب میں طلباء و طالبات کو مطالعہ کرنے اور لکھنے کی ترغیب دی۔ پوروال کالج
میں شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر اظہر ابرار نے صدارتی خطبے میں انجمن ترقی اردو شاخ ناگپور کی اس مہم کو سراہتے ہوئے طلباء کو پڑھنے اور لکھنے پر موٹیویٹ کیا۔ اس تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر محمد اسرار نے بحسن وخوبی
انجام دیئے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کالج میں ہندی شعبہ کے طلباء و اساتذہ بھی شریک جلسہ تھے۔ پرنسپل ڈاکٹر سوپنل نے انجمن کے ذمہ داروں کا پرجوش استقبال کیا۔ دیگر اسٹاف ممبرز نے بھی انجمن کی مہم "کتاب پڑھو اور ادیب بنو” کے اس اقدام کو پسند کیا اور تعریفی کلمات سے نوازا ۔
انتہائی خوشگوار ماحول میں تقریب اختتام پذیر ہوئی۔



