تلنگانہ

کویتا کا سرکاری ہاسپٹل ونپرتی کا دورہ‘ڈاکٹرس اور عملہ کی کمی پرتشویش کااظہار

*صحت مندتلنگانہ کی تشکیل کےلئے شعبہ صحت پرخصوصی توجہ ناگزیر*

کلواکنٹلہ کویتا کا سرکاری ہاسپٹل ونپرتی کا دورہ‘ڈاکٹرس اور عملہ کی کمی پرتشویش کااظہار

صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے آج ونپرتی کے سرکاری اسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے اسپتال میں دستیاب سہولیات، خدمات اور عملے کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مریضوں اور اسٹاف سے بات چیت کی۔کویتا نے کہا کہ ماں و بچے کی دیکھ بھال کے لیے قائم یہ مرکز بہت اچھے انداز میں تعمیر کیا گیا ہے، تاہم عملے کی شدید کمی اسپتال کی کارکردگی کو متاثر کر رہی ہے۔

 

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عملہ کوبڑھانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ مریضوں کو بہتر خدمات حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ اسپتال ٹاوئون سے دور ہونے کی وجہ سے مریضوں کوٹسٹ کروانے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔کویتا نے کہا کہ ریڈیولوجی شعبے میں مستقل عملہ موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے عام لوگوں کوٹسٹ کےلئے پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ اس شعبے میں مستقل اسٹاف کی فراہمی ناگزیر ہے۔ اسی طرح گائنا کولوجی ڈاکٹروں کی تعداد بھی نہایت کم ہے اور موجودہ ڈاکٹرس پوری محنت کے باوجود تمام مریضوں کو مکمل خدمات فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔

 

انہوں نے حکومت سے شعبہ امراض نسواں میں ڈاکٹروں کی تعداد میں فوری اضافہ کا مطالبہ کیا۔کویتا نے اسپتال کی حالت زار پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ صفائی، کیئر ٹیکرز اور سکیورٹی اسٹاف کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں، جبکہ اسپتال کے مینٹیننس کے لیے بھی کوئی رقم نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میڈیکل اسٹور میں ادویات کی کمی ہے، جو عوام کےلئے مزید پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان تمام مسائل پر فوری توجہ دیتے ہوئے مناسب اقدامات کئے جائیں

 

۔کویتا نے کہاکہ وہ دو روز تک ونپرتی میں قیام کریں گی اور منڈل سطح پر بھی عوامی مسائل کو قریب سے دیکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند تلنگانہ تب ہی ممکن ہے جب ریاست میں مضبوط نظام صحت موجود ہو۔ اسپتالوں میں سہولیات مکمل ہوں گی تو عوام تک بہترطبی خدمات پہنچ سکیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button