جنرل نیوز

ملک پیٹ میں مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داران و خْطباء کا مشاورتی اجلاس۔ اصلاح معاشرہ کے لیے منظم جدوجہد پر زور

مساجد کو تربیت و تعمیرِ امّت کا مرکز بنایا جائے : مولانا محمود خاں عمری

ملک پیٹ میں مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داران و خْطباء کا مشاورتی اجلاس۔ اصلاح معاشرہ کے لیے منظم جدوجہد پر زور

حیدرآباد،(پریس ریلیز) : جماعت اسلامی ہند، ملک پیٹ کے زیراہتمام مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داران اور خطیب حضرات کا ایک اہم مشاورتی اجلاس 23؍ نومبر کو مسلم میٹرنٹی ہاسپٹل اعظم پورہ کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت شیخ التفسیر مولانا محمود خاں عمری، سرپرست جامعہ ریاض الصالحات حیدرآباد، نے کی۔ اجلاس میں ملک پیٹ کی مساجد کے صدور و سکریٹریز اور خطیب حضرات نے شرکت کی اور ملّت کو درپیش مسائل و مسلم سوسائٹی کی موجودہ کیفیت پر اظہارِ خیال کیا اور مساجد کے ذریعہ محلّہ و بستی کی سطح پر اصلاحِ معاشرہ اور تعمیرِ امّت کے لیے منظم جدوجہد کی ضرورت سے اتفاق کیا۔

 

مولانا محمود خاں عمری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مساجد ایک اہم پلیٹ فارم ہیں؛ ان کے ذریعہ صرف اقامتِ صلاۃ ہی نہیں بلکہ خیر و فلاح کی تمام سرگرمیاں انجام دی جانی چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ امّت کو صحیح معنی میں ’’خیرِ امّت‘‘ کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ایک دینی تقاضا ہے، جس کے لیے مسجد و محلّہ کی سطح پر منظم اور متواتر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ مسجد کو صرف عبادت گاہ نہیں بلکہ تربیت، تعمیر و ترقی، تعلیم و تدریس اور کمیونٹی کی رہنمائی کا مرکز بننا چاہیے۔ اس سلسلے میں سیرتِ نبویؐ سے مثال پیش کی کہ حضور ﷺ نے کس طرح مسجدِ نبویؐ سے ہمہ جہت سرگرمیاں انجام دیں تھیں۔

 

اس موقع پر جناب محمد مجیبُ الاعلیٰ، امیرِ مقامی ملک پیٹ، نے جماعت اسلامی ہند کی جانب سے منائی جانے والی دس روزہ مہم ’’حقوقِ ہم سایہ‘‘ کا تعارف پیش کیا اور شرکائے اجلاس سے گزارش کی کہ وہ اس حقیقت کا سنجیدگی سے نوٹ لیں کہ آج پڑوسیوں کے درمیان تلخیاں، لاتعلقی اور فاصلے پیدا ہو گئے ہیں، جب کہ دینی تعلیمات ہمیں ایک دوسرے کے قریب آنے، خیرخواہی کرنے اور حقوق کی ادائیگی کا پابند بناتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امّت کے اندر پڑوسیوں کے حقوق کے تعلق سے بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

اس موقع پر شہری حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم اے پی سی آر کے تلنگانہ چیپٹر کے ذمہ دار ڈاکٹر شیخ محمد عثمان نے وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لیے چوکس رہنے کی ضرورت پر زور دیا اور امید پورٹل پر جائیدادوں کی رجسٹریشن کے تعلق سے شرکائے اجلاس کے سوالات کے جواب دیے۔

 

اس مشاورتی اجلاس میں مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داران نے سوسائٹی میں مساجد کے کردار اور اصلاحِ معاشرہ کے حوالے سے مفید مشورے دیے۔ جناب سید عبدالقادر ناصر صاحب، نائب صدر انتظامی کمیٹی مسجدِ اجالے شاہ، نے کچھ واقعات کے حوالے سے پڑوسیوں کے درمیان بہتر تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ناظمِ اجلاس مولانا مفتی طیب عبدالسلام قاسمی صاحب نے مسجد اور محلّہ کی سطح پر اصلاحِ معاشرہ کے کام کا ایک خاکہ پیش کیا۔

 

جناب ضیاء الرحمن صدیقی سلیم، معاون امیرِ مقامی ملک پیٹ، نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ اس موقع پر سکریٹریز جناب سید جنید الرحمان قادری اور ڈاکٹر رضا احمد خاں، کنوینر مہم ’’حقوقِ ہم سایہ‘‘ حافظ جنید حفیظ، اور جناب محمد عبدالودود، سکریٹری الخیر سوسائٹی ملک پیٹ بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button