ایل جی لکی جنرلز انڈیا – جاب ملٹی لیول مارکیٹنگ دھوکہ دہی میں ملوث دو ملزمین گرفتار : نظام آباد کمشنر پولیس پی سائی چیتنا کی پریس کانفرنس

ایل جی لکی جنرلز انڈیا
جاب ملٹی لیول مارکیٹنگ دھوکہ دہی میں ملوث دو ملزمین گرفتار
عوام فراڈ ایپس کی لالچ میں نہ آئیں
نظام آباد کمشنر پولیس پی سائی چیتنا کی پریس کانفرنس
نظام آباد، 24 نومبر (اردو لیکس) ضلع نظام آباد کے بودہن رنجل منڈل کے ساٹا پور گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی شکایت پر پولیس نے ’’ایل جی لکی جنرلز انڈیا‘‘ کے نام پر چلائے جا رہے جعلی ملٹی لیول مارکیٹنگ اسکیم کے تحت بھاری سرمائے حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دینے پر اس دھوکہ دہی معاملے میں ملوث دو ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا۔
نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے پولیس کمشنریٹ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسکیم میں تقریباً 150 افراد نے سرمایہ کاری کی ہے اور مجموعی مالی نقصان کا اندازہ 75 لاکھ روپے تک لگایا جا رہا ہے۔انہوں بتایا کہ شکایت کنندہ پٹلا مدھو نے پولیس کو بتایا کہ تین ماہ قبل ملزمان میکالہ جگدیش اور بھومیا عرف پریم نے انہیں یقین دلایا کہ وہ مذکورہ کمپنی کے موبائل ایپ میں 25 ہزار 500 روپے جمع کرائیں اور روزانہ 16 ویڈیوز دیکھنے کے بدلے فی ویڈیو 55 روپے منافع حاصل کریں۔ مزید یہ کہ اگر وہ دوسرے لوگوں کو شامل کریں تو اضافی کمیشن بھی دیا جائے گا۔
ابتدائی دنوں میں ایپ پر رقم جمع ہوتی دکھائی دیتی تھی، جس کے بعد ملزمان نے مزید افراد کو سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا۔ مگر جب رقم نکالنے کی کوشش کی گئی تو ٹرانزیکشن ناکام ہوگئی اور بعد میں معلوم ہوا کہ یہ تمام اکاؤنٹس جعلی طریقہ سے ظاہر کئے گئے تھے اور متاثرین اپنی رقم واپس لینے میں ناکام رہے۔پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے بتایا کہ ملزمان نے تقریباً دیڑھ سو دیہی افراد کو خاص طور پر نشانہ بنایا اور کم وقت میں زیادہ منافع کے لالچ میں لاکھوں روپے حاصل کر لیا انہوں نے بتایا کہ اس وقت ’’ایل جی (Lucky Generals)‘‘ ایپ غیر فعال ہوچکی ہے۔
پولیس کمشنر پی سائی چیتنا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی مشتبہ ملٹی لیول مارکیٹنگ اسکیموں، آن لائن سرمایہ کاری یا زیادہ منافع کے لالچ دینے والے موبائل ایپس کے جال میں میں نہ آئیں اور اس طرح کے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اس قسم کی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے دباؤ ڈالے تو فوری طور پر مقامی پولیس سے رجوع کیا جائے۔پولیس نے آج دونوں ایجنٹوں میکالہ جگدیش اور بھومیا عرف پریم کو گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے، جبکہ ممبئی کے اصل سرغنہ ’’راجو‘‘ جو ممبئی سے اس پوری اسکیم کو چلا رہا تھا، اس کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔



