سعودی عرب – اقبال اکیڈمی جدہ کے زیرِ اہتمام ایمان افروز و پر وقار نعتیہ مشاعرہ

جدہ: رپورٹ سید عبدالوھاب قادری
اقبال اکیڈمی جدہ بیرونی شاخ اقبال اکیڈمی حیدراباد کے زیرِ اہتمام ایک پُروقار اور روحانی فضا سے آراستہ نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس کا اہتمام نائب صدر و جنرل سکریٹری اقبال اکیڈمی جدہ جناب محمد فہیم الدین کی رہائش گاہ پر کیا کیا تھا۔ یہ ادبی و روحانی نشست دبستانِ دکن کے ممتاز شاعر و نعت خواں، ڈاکٹر طیّب پاشاہ قادری کی عمرہ و زیارتِ حرمین شریفین کی غرض سے حجازِ مقدس آمد کے پُرمسرت موقع پر خصوصی
طور پر ترتیب دی گئی تھی۔اس مبارک و مسعود محفل کو ممتاز سعودی ادبی شخصیت جناب عبدالقدیر حسن صدیقی صاحب نبیرہ بحرالعلوم حضرت عبدالقدیر صدیقی حسرت رح کے علاوہ جناب سید جلال پاشاقادری، فرزند جلالۃ العلم حضرت سید رشید پاشا قادری صاحب رح نے بحیثیت مہمانان اعزازی اپنی جلوہ افروزی سے مزید روشن و بابرکت بنایا۔
محفل کی صدارت ممتاز محقق، ادیب اور نعت گوشاعر جناب سید وحیدالقادری عارف نے فرمائی۔ مجلس کا آغاز حافظ ہدایت اللہ توصیف خان کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نوجوان طالب علم مظہر فاروق علی نے علامہ اقبال کے نعتیہ اشعار اور محمد آصف قادری نے کلام اقبال بالترتیب حضور اکرم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں عقیدت سے لبریز افکارِ اقبال پیش کئے۔
مشیر اعلی محمد شمیم کوثر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور محفل کے انتظامات کو یقینی بنایا، جبکہ معتمد اقبال اکیڈمی جدہ سید عبد الوھاب قادری نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا اور نعتیہ مشاعرے کے انعقاد کی روحانی اہمیت اور اس کے پاکیزہ مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ناظمِ محفل جناب محمد فہیم الدین نے حسب معمول اپنے منفرد علمی و ادبی اسلوب کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
محفل میں باب الحرمین جدہ کے ممتاز شعرائے کرام نے اپنے نذرانۂ عقیدت پیش کئے، جن میں افسر بارہ بنکوی، اطہرعباسی، محمد فرحت اللہ خان، تاشفین سید، سید افضل الدین، نوشاد عثمان کرام شامل تھے۔ ہر شاعر نے اپنے مخصوص انداز میں عشقِ رسول ﷺ کے رنگ، حلاوت اور روحانیت سے بھرپور کلام پیش کیا، جس نے محفل کو وجدانی فضا سے معمور کر دیا۔
مہمانِ خصوصی جناب طیب پاشا قادری نے اپنی مترنم اور دلنشین آواز میں اپنے نعتیہ کلام کے ذریعہ محفل میں روحانی کیف و سرور کی کیفیت پیدا کر دی۔ حاضرین کی درخواست پر انہوں نے اپنے والدِ محترم، دبستانِ دکن کی معروف شخصیت بےہوش محبوب نگری کی شہرۂ آفاق دکنی نعت بھی پیش کی، جسے سامعین نے بےحد محبت و عقیدت کے ساتھ سنا اور داد و تحسین سے نوازہ۔
صدرِ محفل جناب سید وحید القادری عارف صاحب نے دو پُرلطف نعتیہ تخلیقات نذرِ محفل کیں جنہیں سامعین نے بےحد پسند کیا۔ انہوں نے اپنے جدِّ امجد حضرت مفتی سید عبد الرشید قادری اختر علیہ الرحمہ کی ایک نہایت خوبصورت نعت شریف بھی سنائی۔ محفل میں علمی، ادبی، مذہبی اور سماجی شخصیات کی شرکت نے تقریب کو مزید وقار بخشا۔ جناب عارف قریشی، ڈاکٹر امجد جنیدی ،جناب مبصر الاعظم، جناب محمد نواز جنجوعہ، جناب احمد باشا اور دیگر معزز مہمانانِ گرامی کی موجودگی محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔
تقریب کے کامیاب انعقاد میں اقبال اکیڈمی جدہ کی پوری ٹیم نے بھرپور محنت اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ جوائنٹ سکریٹری توصیف خان اور میڈیا ٹیم کے اراکین محمد آصف قادری، عبدالرحمٰن نے یوٹیوب کے ذریعے لایؤ نشریات کو یقینی بنایا۔ انکے علاوہ معزز اراکین ریاض احمد ،مرتضیٰ شریف صابر، معراج علی اور سلمان جبران نے مؤثر اور متحرک خدمات انجام دیں۔ دیگر خیر خواہان فصیح الدین فہیم، فراز احمد نے بھی رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔




