وقف جائیدادوں کے امید پورٹل میں رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع دینے سے سپریم کورٹ کا انکار
نئی دہلی- یکم دسمبر ( اردولیکس) گزشتہ پارلیمنٹ اجلاس میں مرکز نے وقف ترمیمی قانون 2025 منظور کیا تھا، جس کے تحت وقف جائیدادوں کی رجسٹریشن کے لیے 6 ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
اس مہلت میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے مختلف درخواستیں سپریم کورٹ میں داخل کی گئیں، تاہم پیر کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے یہ درخواستیں مسترد کر دیں۔
جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس اگسٹین جارج مسیح پر مشتمل بنچ نے واضح کیا کہ درخواست گزار اگر کوئی ریلیف چاہتے ہیں تو انہیں 2025 کے ترمیمی قانون کے مطابق براہ راست وقف ٹربیونل سے رجوع کرنا چاہیے۔ بنچ نے بتایا کہ انہیں سرکاری طور پر اطلاع ملی ہے کہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 6 دسمبر ہے،
البتہ درخواست گزار ٹربیونل سے رجوع کرکے مدت میں توسیع کی اجازت لے سکتے ہیں۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ ’امید‘ پورٹل پر رجسٹریشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تکنیکی رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں
، اور ٹربیونل کے ان مسائل کی سماعت تک 6 دسمبر کی مہلت ختم ہو جائے گی۔ اس کے باوجود عدالت نے ان دلائل کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حقیقی تکنیکی مسائل کا سامنا ہو تو متعلقہ درخواست گزار ٹربیونل سے مہلت میں توسیع کی درخواست کر سکتا ہے، اور اگر ٹربیونل توسیع منظور کرے تو نئی مہلت کا چھ ماہ کا دورانیہ انہی کے لیے شمار کیا جائے گا۔



