ایجوکیشن

ناگپور یونیورسٹی کو پہلی بار خاتون وائس چانسلر مل گئی ۔ ڈاکٹر منالی مکرند شرساگر کی تقرری

ناگپور،۲ ؍دسمبر (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ)ناگپور: سنت توکڑوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو وائس چانسلر کے عہدے پر منتخب کیا گیا ہے۔ یشونت راؤ چوہان انجینئرنگ کالج کی ٹیکنیکل ڈائریکٹر اور مشیر ڈاکٹر منالی مکرند شرساگرکو اس اہم منصب کے لیے منتخب کیا گیا۔ ریاست کے گورنر آچاریہ دیوورت نے پیر کے روز ان کے نام کا باضابطہ اعلان کیا۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے شام میں

 

یونیورسٹی کو سرکاری ای میل بھیج کر تقرری کی اطلاع دی گئی۔گزشتہ تقریباً دو برسوں سے ناگپور یونیورسٹی میں وائس چانسلر کا عہدہ خالی تھا اور ذمہ داریاں صرف قائم مقام حکام کے ذریعے سنبھالی جا رہی تھیں۔ تین ماہ قبل نئے وائس چانسلر کی تقرری کا عمل شروع ہوا تھا۔ اس کے لیے کل 26 امیدواروں نے درخواست دی تھی جن میں سے ابتدائی مرحلے کے بعد پانچ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان میں ڈاکٹر منالی شرساگر، سابق پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سوبھاش کونڈوار، ڈاکٹر اسمیتا دیشمکھ، ڈاکٹر پرشانت پاٹل اور آئی آئی ٹی روڑکی کے ڈاکٹر کولہے شامل تھے۔ انٹرویو

 

کے بعد گورنر نے ڈاکٹر منالی شرساگرکے نام کو آخری منظوری دی۔ڈاکٹر منالی شرساگرکی تقرری کے ساتھ ہی ناگپور یونیورسٹی کے 102 سالہ سفر میں پہلی بار کسی خاتون کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ یونیورسٹی کے علمی حلقوں میں اس تقرری پر خوشی کا ماحول ہے اور اسے خط ودربھ کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق وہ جلد ہی اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گی۔

 

ڈاکٹر منالی شرساگرکا تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر۔ڈاکٹر منالی شرساگرنے 1992 میں کمپیوٹر ٹیکنالوجی میں یشونت راؤ چوہان انجینئرنگ کالج سے گریجویشن مکمل کیا۔ اسی ادارے سے 2001 میں کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں 2009 میں انہوں نے الہ آباد ایگریکلچرل انسٹی ٹیوٹ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ 2013 میں انہوں نے فنانس اور مارکیٹنگ میں بھی ماسٹر ڈگری مکمل کی۔انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ راجیو گاندھی انجینئرنگ کالج میں وہ پرنسپل رہ چکی ہیں جبکہ دتہ میگھے

 

پولی ٹیکنک میں بھی قائم مقام پرنسپل کی ذمہ داری ادا کی۔ ان کے انتظامی اور تعلیمی تجربے کی بنا پر متعدد اداروں نے ان کی رہنمائی میں نمایاں ترقی حاصل کی۔ یشونت راؤ چوہان انجینئرنگ کالج میں وہ طویل عرصے تک ٹیکنیکل ڈائریکٹر اور مشیر کے طور پر سرگرم رہیں۔ڈاکٹر منالی شرساگرکی تقرری کے بعد ناگپور یونیورسٹی میں نئی امیدیں پیدا ہوئی ہیں اور تعلیمی حلقے انہیں ایک مضبوط، تجربہ کار اور دور اندیش منتظم کے طور پر دیکھ

 

رہے ہیں۔ ان کی آمد کو یونیورسٹی کے مستقبل کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button