ناگپور سرمائی اجلاس ۸؍ سے ۱۴؍ دسمبر تک محدود، ہفتہ و اتوار کو بھی کارروائی؛ انتخابی ضابطۂ اخلاق کے باعث اہم فیصلوں پر پابندی

ناگپور،۳ ؍دسمبر (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ)مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس کی مدت میں اس سال اہم تبدیلی کی گئی ہے۔ پہلے اجلاس کو دو ہفتوں تک چلانے کا منصوبہ تھا، مگر لیجسلیٹو بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں اسے کم کرکے صرف ایک ہفتے تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اب یہ اجلاس ۸؍ دسمبر سے ۱۴؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک ناگپور میں منعقد ہوگا۔ خاص بات یہ ہے کہ سرکاری تعطیلات کے باوجود ہفتہ،
۱۳؍دسمبر اور اتوار، ۱۴؍ دسمبر کو بھی دونوں ایوانوں کی کارروائی جاری رہے گی، تاکہ کم مدت میں مقررہ کام نمٹایا جا سکے۔اجلاس سے قبل ممبئی کے قانون ساز بھون میں منعقدہ مشاورتی میٹنگ میں قانون ساز کونسل کے چیرمین پروفیسر رام شندے، اسمبلی اسپیکر راہول نارویکر، وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار سمیت دونوں ایوانوں کے سینئر اراکین اور وزراء شریک ہوئے۔ اجلاس کی مدت طے کرنے کے ساتھ ساتھ اس میٹنگ میں ’بھارتیہ سنویدھان کی شاندار امرت جینتی یاترا‘ کے سلسلے
میں ۲۶مارچ ۲۰۲۵ ء کو اسمبلی میں ہونے والی تاریخی بحث کا بھی ذکر کیا گیا۔ اسی موقع پر وزیراعلیٰ فڈنویس کے خطاب کو یکجا کرکے ایک کتاب کی شکل دی گئی ہے، جس کا افتتاح ریاست کے گورنر آچاریہ دیوورت ۹ دسمبر ۲۰۲۵ء کو کریں گے۔اجلاس کی مدت میں کمی کا ایک اہم پس منظر بھی سامنے آیا ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے ریاست کی نگرپریشد اور نگرپنچایت انتخابات کی ووٹوں کی گنتی ۱۲ دسمبر کو منعقد کرنے کا حکم
دیا ہے، جس کے باعث ریاستی الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق ۲۱؍دسمبر تک نافذ رہے گا۔ اس ضابطہ اخلاق کا براہِ راست اثر سرمائی اجلاس پر پڑنے کا امکان ہے، کیونکہ اس دوران حکومت نئی اعلانات یا ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آزادانہ طور پر فیصلے نہیں کر سکے گی۔ اسی پس منظر میں اجلاس کی مدت کو محدود کرتے ہوئے ہفتہ اور اتوار کو بھی کارروائی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر میڈیا رپورٹس میں اجلاس کے دو ہفتے تک چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، تاہم موجودہ انتظامی حالات اور ضابط? اخلاق کی
پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے صرف ایک ہفتے کے اجلاس پر اتفاق کیا ہے۔ ناگپور میں منعقد ہونے والا یہ سرمائی اجلاس اس سال انتظامی سختیوں، انتخابی ضابطوں اور محدود وقت کے باعث ایک خصوصیت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔



