جنرل نیوز

جمعیت العلماء کا کھمم میں شعور بیداری اجلاس— ملک کی سالمیت، قومی یکجہتی اور وقف جائیدادوں کے تحفظ پر زور

 

کھمم: ٹی این جی او میٹنگ ہال میں جمعیت العلماء متحدہ کھمم ضلع کے زیر اہتمام وقف اُمید پورٹل اور ایس آئی آر سے متعلق شعور بیداری اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر جمعیت العلماء تلنگانہ مولانا سید احسان الدین قاسمی نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت العلماء کے قائدین نے زور دیا کہ ملک کی سالمیت، امن و امان کی برقراری، مظلوم عوام کی مدد اور تمام مذاہب کے افراد کے درمیان قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے جمعیت العلماء روزِ اوّل سے سرگرم ہے۔

 

مہمانِ خصوصی حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیت العلماء تلنگانہ اور مولانا مصدق قاسمی صدر سٹی جمعیت العلماء گریٹر حیدرآباد و نائب صدر جمعیت العلماء تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان محبت، بھائی چارے اور امن کا گہوارہ ہے۔ آئینِ ہند تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق دیتا ہے اور مسلمان اس ملک کے باعزت شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ملک دستور سے چلے گا اور مسلمانوں کو دستورِ ہند پر فخر ہے۔”

 

قائدین نے مساجد کے صدور، مدارس کے ذمہ داران، درگاہوں اور قبرستانوں کے متولیان سے اپیل کی کہ وقف اُمید پورٹل پر اپنی تمام اوقافی جائیدادوں کا جلد اور مکمل رجسٹریشن کروائیں اور ایس آئی آر مرحلے کے لیے مطلوبہ دستاویزات تیار رکھیں۔

 

صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم مولانا محمد سعید احمد قاسمی نے کہا کہ جمعیت العلماء ایک فعال اور تاریخی تنظیم ہے جس نے آزادی کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو صبر، حکمت اور اتحاد کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

 

اختتامی خطاب میں صدر جمعیت العلماء تلنگانہ مولانا سید احسان الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیت العلماء کا مقصد یہ ہے کہ ملک کے مسلمان ایمان، دینی تشخص اور شعائر اسلام کے ساتھ دستور کی روشنی میں زندگی گزاریں۔ انہوں نے فرقہ پرست ذہنیت کے حامل عناصر کی جانب سے ملک کے امن و امان کو خراب کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ “اکثریت ہندوستان کے سیکولر کردار پر یقین رکھتی ہے، لہٰذا مسلمانوں کو اتحاد اور ملی حمیت کا ثبوت دینا ہوگا۔”

 

اجلاس سے قبل مولانا سید احسان الدین قاسمی کے شاندار استقبال کے لیے شہر کے علماء، حفاظ، ائمہ اور عوام نے ریالی کی شکل میں شرکت کی۔ جمعیت العلماء کے پرچم کشائی کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اسٹیج پر ضلع اور ریاست کے متعدد علماء، سماجی و سیاسی قائدین اور دانشور موجود تھے۔

 

آخر میں عبد الرشید، رکن جمعیت العلماء ضلع کھمم نے کلماتِ تشکر پیش کیے اور مولانا سید احسان الدین قاسمی کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی کی شال پوشی اور گل پوشی بھی کی گئی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button