حکومت امید پورٹل پر اوقاف رجسٹریشن کی آخری تاریخ بڑھائے

جالنہ (شیخ احمد شیخ اکبر جالنوی کے ذریعہ) حکومت ہند کی جانب سے امید پورٹل پراوقاف رجسٹریشن کی تاریخ ۵؍ دسمبر بالکل قریب ہے اور ابھی تک اوقاف رجسٹریشن کا کافی کام باقی ہے ۔ فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے ذمہ داروں کے مطابق پورٹل پر رجسٹریشن مکمل نہیں ہونے کی وجہ اس کا سست ہونا ہے ۔ کئی دنوں سے پورٹل کی
رفتار انتہائی سست روی کا شکار ہے ۔ جس کی وجہ سے اوقاف جائیدادوں کے رجسٹریشن میں مشکلات پیش آرہی ہے اور اسی لئے رجسٹریشن کا کام مکمل نہیں ہو پایا ہے۔ایف ایم ایم کے ذمہ داروں نے بتایا کہ مہاراشٹر میں اسی فیصد اوقاف کا رجسٹریشن ہوا ہے اور بیس فیصد ابھی بھی باقی ہے جبکہ تصدیق صرف بیس فیصد کی ہوپائی ہے اور اسی فیصد کی توثیق نہیں ہو پائی ہے ۔ اس لئے ہم حکومت ہند سے
اپیل کرتے ہیں کہ وہ اوقاف رجسٹریشن کی تاریخ میں اضافہ کرے تاکہ صد فیصد اوقاف کی جائیدادیں امید پورٹل پر اپلوڈ ہوجائیں ۔ فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے آخری تاریخ بڑھانے کی اپیل کے ساتھ ہی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ پورٹل میں آنے والی خامی کو بھی دور کرے تاکہ یہ کام جلد سے جلد اختتام کو پہنچے ۔
فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس کے جوائنٹ پریس ریلیز کے ذریعہ یہ بیان دیا گیا ہے ۔پریس ریلیز دینے والوں میں مولانا عمرین محفوظ رحمانی ، سیکریٹری مسلم پرسنل لا بورڈ محمود احمد دریا آبادی جنرل سکریٹری علماء کونسل،مولانا حافظ الیاس خان فلاحی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند ، مولانا حافظ سید اطہر،عالم دین اہل سنت والجماعت صدر علماء ایسوسی ایشن ممبئی ، مہاراشٹر ، مولانا حلیم اللہ قاسمی، صدر جمعیتہ علمائے ہند مہاراشٹر، فرید
شیخ صدر امن کمیٹی ممبئی ، عبدالحفیظ پترکار جالنہ، مولانا ظہیر عباس رضوی نائب صدر شیعہ پرسنل لاء بورڈ ، ڈاکٹر سعید احمد فیضی،ناظم عمومی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر، حافظ اقبال چونا والا رُکن شوری دارالعلوم دیو بند وقف ،مولانا مفتی حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیت علمائے ہند مہاراشٹر ، مولانا آغا روح ظفر ،امام خوجہ جماعت ممبئی ، مولانا انیس اشرفی رضا فاؤنڈیشن ممبئی، مفتی اشفاق قاسمی ، مولانا نظام الدین فخر الدین ،
ممبر مسلم پرسنل لا بورڈ پونہ،ہمایوں شیخ ناظم ممبئی جماعت اسلامی ہند ، شیخ عبدالمجیب کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس شامل ہیں۔



