آندھرا پردیش میں اسکرَب ٹائیفَس کا قہر — پانچ جانیں چلی گیئں ، متعدد اضلاع میں الرٹ جاری

آندھرا پردیش میں اسکرَب ٹائیفَس تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث عوام میں شدید تشویش کی لہر پائی جاتی ہے کیونکہ ریاست کے مختلف اضلاع میں اس موذی بیماری سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہوچکی ہے۔ محکمۂ صحت کے مطابق وجیانگرم، پالناڈو، باپٹل اور نیلور اضلاع میں اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ کئی مریض سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں زیرِ علاج ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکرَب ٹائیفَس زیادہ تر جھاڑیوں اور گھاس والے علاقوں میں پائے جانے والے کیڑوں کے کاٹنے سے پھیلتا ہے اور تیز بخار، شدید جسمانی درد، سر درد، کمزوری اور جسم پر سرخ دھبے اس کی نمایاں علامات ہیں
۔ ڈاکٹروں کے مطابق علاج میں تاخیر اور علامات کو نظرانداز کرنے کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے، لہٰذا شہری کسی بھی قسم کی بخار کی کیفیت یا مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر فوری ٹیسٹ کروائیں اور اسپتال سے رجوع کریں۔
ریاستی حکومت نے تمام ہاسپٹلس کو خصوصی الرٹ جاری کرتے ہوئے ضروری دواؤں اور ٹیسٹنگ کٹس کی دستیابی بڑھانے اور متاثرہ مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ قائم کرنے کی ہدایات دی ہیں
جبکہ محکمہ صحت نے عوام کو گھاس یا جنگلی علاقوں میں جانے سے احتیاط برتنے اور صحت کے متعلق کسی بھی مشتبہ صورتحال کو ہرگز نظرانداز نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔



