تلنگانہ

سب کو مساوی مواقع کے حصول کے لئے سماجی تلنگانہ کا قیام ناگزیر : کے کویتا

سب کو مساوی مواقع کے حصول کے لئے سماجی تلنگانہ کا قیام ناگزیر

سیاسی سطح پر پسماندہ طبقات کو مناسب نمائندگی کی فراہمی ضروری

کلواکنٹلہ کویتا کا دورہ کتہ گوڑم

 بی آر امبیڈ کر کی خدمات کو بھر پور خراج

 

صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے آج جنم باٹا پروگرام کے تحت کتہ گوڑم کا دورہ کیا۔ کویتا نے مختلف پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے ڈاکٹر بی۔آر۔امبیڈکر کے نظریات، سماجی انصاف کی ضرورت، تلنگانہ تحریک کے مجاہدین کے مسائل کی یکسوئی اورفلمی شعبہ میں جاری کوششوں پر مفصل خطاب کیا۔کویتا نے ڈاکٹر بی۔آر۔امبیڈکر کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری قدروں پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لئے امبیڈکر کے نظریات آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران آرٹیکل 3 کو بنیاد بناتے ہوئے ریاست کا قیام ممکن ہوا اور یہ صرف اسی جذبے کی بدولت تھا جو بابا صاحب کے افکار سے حاصل ہوا۔انہوں نے یاد دلایا کہ مشترکہ ریاست کے دور میں اسمبلی کے سامنے امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کے لئے تلنگانہ جاگروتی نے طویل جدوجہد اور دھرنے کئے تھے،

 

جس کے بعد ہی امبیڈکرکا مجسمہ نصب ہوسکا۔کویتا نے کہا کہ جاگروتی کی خواہش ہمیشہ رہی ہے کہ ہر میدان میں سب کو یکساں مواقع ملیں اور اسی نظریہ کے ساتھ وہ "سماجی تلنگانہ” کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔کویتا نے عوامی رہنما گمّڈی نرسیا کی زندگی پر بننے والی فلم کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک عوامی خدمت اور انسانی قدروں کے تحفظ کی مثال تلاش کی جائے تو جی نرسیا جیسی شخصیت سامنے آتی ہے۔

 

ان کی زندگی پر فلم بننا نہ صرف تلنگانہ بلکہ سارے ملک کے لئے فخر کی بات ہے۔انہوں نے فلم کے ڈائرکٹر پرمیش کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کاماریڈی کے نوجوان ہیں اور ان کی یہ کوشش قابل تحسین ہے۔ کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ اگرچہ وہ جنم باٹا میں مصروف تھیں، مگر اس فلم کی اہمیت کے سبب خصوصی طور پر یہاں پہنچیں۔

 

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور کرناٹک حکومتوں کا فلم کو رعایتیں دینا قابل ستائش ہے، مگر افسوس کہ تمل، ملیالم اور ہندی زبانوں میں اب تک کوئی رعایت فراہم نہیں کی گئی، جو جنوبی ہند کی فلموں کے ساتھ موجود روایتی امتیازی رویہ کو ظاہر کرتا ہے۔کویتا نے فلم انڈسٹری کے سینئر رہنماؤں خصوصاً دل راجو سے اپیل کی کہ وہ دیگر زبانوں میں بھی فلم کے لئے سرکاری رعایتوں کی فراہمی میں کردار ادا کریں۔انہوں نے بتایا کہ فلم پانچ زبانوں میں بن رہی ہے، جو ایک تاریخی اقدام ہے اور اداکار راج کمار کا مرکزی کردار ادا کرنے کے لئے رضامندی ظاہر کرنا فلم کے معیار میں بے حد اضافہ ہے۔

 

کویتانے توقع ظاہر کی کہ یہ فلم نوجوانوں کو سیاست اور عوامی خدمت کے لئے حوصلہ دے گی۔کویتا نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ 1969 اور 2001 کی تلنگانہ عوامی تحریکوں میں حصہ لینے والے بہت سے مجاہدین، خصوصاً کھمم کے پالونچہ علاقے کے کارکن، آج بھی وہ عزت، معاشی استحکام اور سیاسی مواقع حاصل نہیں کر سکے، جن کے وہ حقدار ہیں

 

۔انہوں نے کہا کہ جنم باٹا پروگرام کے آغاز سے ہی جاگروتی نے واضح کر دیا تھا کہ وہ ان تمام خاندانوں کے حق کے لئے جدوجہد کرے گی اور یہ جدوجہد آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ کویتانے زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی میدان میں پسماندہ طبقات کو مناسب نمائندگی ملنا ضروری ہے اور اس کے لئے "سماجی تلنگانہ” ناگزیر ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد میں وہ تلنگانہ تحریک کے مجاہدین، شہدا کے اہل خانہ، محروم طبقات اور خاص طور پر خواتین کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کا خواب صرف اسی وقت پورا ہوگا جب سیاست میں ہر طبقے کو برابر کا حق ملے گا اور جاگروتی اسی نظریہ کو عملی شکل دینے کے لئے میدان میں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button