مصنوعی ذہانت/ اے آئی اینڈیکس میں سعودی عرب عالمی سطح پر پانچویں مقام پر

ریاض ۔ کے این واصف
عالمی انڈیکس آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں زبردست ترقی حاصل کی ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق اے آئی انڈیکس میں سعودی عرب نے عالمی سطح پر پانچواں اور عرب ممالک کی سطح پر پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ یہ کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ سعودی عرب اے آئی کے شعبے میں مسلسل ترقی کر رہا ہے اور وژن 2030 کے اہداف کے تحت عالمی مسابقت میں اعلیٰ کارکردگی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اشاریے کی پیمائش کے دوران سعودی ڈیٹا اینڈ اے آئی اتھارٹی “سدايا” کی قیادت میں کئی بڑی قومی پہلیں شروع کی گئیں جنہوں نے سعودی عرب کی عالمی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا ہے۔ان میں نمایاں اقدام اسٹارٹ اپس اور نئے کاروباری اداروں کی معاونت کے لئے تیار کیا گیا ہے تاکہ وہ نیشنل انفارمیشن سینٹر کے ڈیٹا بیس سے براہِ راست الیکٹرانک ربط کے ذریعے صارفین کے ڈیٹا کی توثیق کر سکیں.
اسی طرح سدايا نے مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات کے لئے (Incentive Labels) کا آغاز کیا جس کا مقصد اے آئی کے ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال کے بارے میں شعور بڑھانا ہے۔اس فریم ورک کے تحت عالمی معیارات کے مطابق کام کرنے میں اداروں اور ڈیولپرز کی رہنمائی کی جاتی ہے اور اب تک 50 سے زائد سرٹیفکیٹس ان قومی کمپنیوں کو جاری کئے جا چکے ہیں
جنہوں نے ترجیحی شعبوں کے لئے اے آئی پر مبنی مصنوعات تیار کی ہیں۔



