ایجوکیشن

اردو کلچرل ہیریٹج فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گولکنڈہ اسکول تحریری و تقریری مقابلے

حیدرآباد  (پریس نوٹ) اردو کلچرل ہیریٹیج فاؤنڈیشن حیدرآباد (UCHF) کی جانب سے گورنمنٹ ہائی اسکول گولکنڈہ، حیدرآباد کے تعاون سے اس اسکول میں برجستہ تحریری اور برجستہ تقریری مقابلوں کا 9 دسمبر 2025ء کو انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب کی صدرات ہیڈ مسٹرس نسرین سلطانہ نے فرمائی۔ جبکہ ان مقابلوں کے مہمان خصوصی و جج آرکیٹکٹ محمد عبدالرحمن سلیم بانی وصدر فاؤنڈیشن، جبکہ ڈاکٹر سعید نواز سابق این آر آئ ریاض بحیثیت مہمان اعزازی شریک محفل رہے۔

 

اسکول کے اردو اساتذہ شبانہ انجم، صفیہ صاحبہ اور دیگر اساتذہ نے تقریب کے بہترین انتظامات کئے۔ UCHF نے ان متاثر کن میزبانی کے لئے کالج انتظامیہ کی ستائش کی۔ تقریب کے دوران طالبات کا اعتماد اور فن تقریر کا ہنر متاثر کن رہا۔ مشہور اردو خطاط اور کمپیوٹر پروگرامر غوث ارسلان ، آرکیٹکٹ محمد عبدالرؤف عتیق اورڈاکٹر سعید نواز نے تقریری مقابلوں کے ججس کے فرائض انجام دیئے- آرکیٹکٹ محمد عبدالرحمن سلیم ،مصنفہ عطیہ فاطمہ ،اور آرکیٹکٹ عمران احمد سلیم تحریری مقابلوں کے ججس کے فرائض انجام دئیے۔

 

اس موقع پر UCHF کے بانی وچیرمین آرکیٹکٹ عبدالرحمن سلیم، معروف شاعر اطیب اعجاز، ڈاکٹر سعید نواز، عطیہ فاطمہ اور پرنسپل کالج نے مخاطب کیا اور طالبات کی پذیرائی کرتے ہوئے ان کی ہمت افزائی کی۔ ‏ اس مثالی ادبی تقریب میں تقریباُ پانچ سو طالبات شریک رہیں۔ پرنسپل، HOD، اور شرکاء محفل نے ادارے UCHF کی ستائش کی اور اظہار تشکر کیا جنہوں نے اس بامقصد اور کامیاب تقریب کا اہتمام کیا۔

 

اول دوم اور سوم آنے والی طالبات کو نقد انعامات و ستائشی سرٹیفکیٹس اور دیگر طالبات کو کتابیں اور سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔ مقابلون میں حصہ لینے والی دیگر طالبات کو شرکت کے سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ تحریری مقابلے کا عنوان “اردو کی ترقی میں والدین کا کردار” دیا گیا تھا۔ جبکہ تقریری مقابلوں کے عنوانات کے لئے قرعہ کے ذریعہ طالبات کو خود ایک عنوان کی پرچی اٹھانے کا نظام رکھا گیا تھا۔

 

تقریری مقابلے میں انعام اول کی حقدار طالبہ بشری بنت رسول بیگ متعلم جماعت دہم اردو میڈیم کو دو ہزار روپئے نقد اور سند توصیفی دی گئی۔ ان کا عنوان تھا “مطالعہ کا شوق “۔ انعام دوم کی حاصل کرنے والی طالبہ افشاں سلطانہ متعلم جماعت دہم اردو میڈیم کو پندرہ سو روپئے نقد اور سند توصیفی ان کا عنوان تھا “زندگی گزارنے کے اصول” اور انعام سوم پانے والی طالبہ عفیفہ متعلم جماعت دہم اردو میڈیم کو ایک ہزار روپئے نقد اور سند توصیفی سے نوازا گیا جن کا عنوان تھا “ماں باپ کا مقام”۔ طالبہ نیہاخلیل متعلم جماعت دہم انگلش میڈیم کو ترغیبی انعام بشکل کتاب اورسند توصیفی دی گئی، ان کا عنوان تھا “تعلیم نسواں” تھا-

 

تحریری مقابلے میں انعام اول کی حقدار طالبہ افشاں سلطانہ متعلم جماعت دہم اردومیڈیم رہیں جن کو دو ہزار روپئے نقد اور سند توصیفی ، انعام دو طالبہ سیدہ ماریہ متعلم جماعت دہم انگلش میڈیم کو پندرہ سو روپئے نقد اور سند توصیفی اور انعام سوم حاصل کرنے والی طالبہ ملیحہ خانم متعلم جماعت دہم اردو میڈیم کو ایک ہزار روپئے نقد اور سند توصیفی سے نوازا گیا- طالبہ مسکان متعلم جماعت دہم اردو میڈیم کو ترغیبی انعام بہ شکل کتاب اورسند توصیفی دی گئی-

 

دونوں مقابلوں میں جملہ چوبیس طالبات نے حصہ لیا اور ان تمام کو سند شرکت پیش کی گئی۔ محترمہ شبانہ انجم نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اس تقریب میں UCHF کی جانب سے صدر اور ججس کو تعریفی خط اور توصیف نامے عطا کئے گئے۔ حاظرین محفل نے گرمجوشی سے UCHF کے اردو کے فروغ کے لئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اردو کے فروغ اور طالبات کو بااختیار بنانے میں تعاون کرنے پر فخر ہے۔ جس کے لئے UCHF ان سب کی مشکور ہے۔

 

آخر میں کالج کی جانب سے ریفریشمنٹ اور چائے سے حاضرین کی تواضع کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button