جامعہ ریاض الصالحات، اعظم پورہ کے ششماہی امتحانات کے نتائج کا اعلان۔نمایاں کامیابی پر طالبات میں ترغیبی انعامات تقسیم

حیدرآباد ۔ جامعہ ریاض الصالحات، اعظم پورہ کے ششماہی امتحانات کے نتائج کا بروز ہفتہ13ڈسمبرباقاعدہ اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر جامعہ کی صدرِ معلمہ محترمہ حمیرا نشاط صاحبہ، وائس پرنسپل محترمہ تسلیم بانو صاحبہ، وائس پرنسپل برائے اسکول سیکشن محترمہ عرشیہ صادق صاحبہ کے علاوہ دیگر معلمین و معلمات بھی موجود تھے۔
نتائج کے اعلان کے بعد امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے والی طالبات میں ترغیبی انعامات تقسیم کیے گئے۔سالِ رواں میں جامعہ کی طالبات کا مجموعی تعلیمی مظاہرہ نہایت اطمینان بخش اور قابلِ ستائش رہا۔ اس موقع پر ذمہ دارانِ جامعہ نے طالبات کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کے تعاون کو اس کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔قابلِ ذکر ہے کہ جامعہ ریاض الصالحات، اعظم پورہ میں رواں تعلیمی سال کے آغاز سے دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ پانچویں تا دسویں جماعت تک اسکولی تعلیم کا بھی باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ہر سال کی طرح اس سال بھی جامعہ کی متعدد طالبات انٹرمیڈیٹ اور گریجویشن کے امتحانات میں شریک ہو رہی ہیں، جن کے لیے جامعہ کی جانب سے رہنمائی، ضروری سہولیات اور امتحانی تیاری و شرکت کے لیے وقتی رخصت کا باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے۔مزید برآں، لسانیات میں گریجویشن کی خواہش رکھنے والی طالبات کو عثمانیہ یونیورسٹی کے کالج آف اورینٹل لینگویجز کے ذریعے گریجویشن کروائی جا رہی ہے، جبکہ بعض طالبات مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سے ایم اے اِن اسلامک اسٹڈیز بھی کر رہی ہیں۔اس وقت جامعہ میں تقریباً تین سو طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔
جامعہ کا شعبۂ حفظ و ناظرۂ قرآنِ مجید ماہر اور قابل اساتذہ کی نگرانی میں کامیابی کے ساتھ سرگرمِ عمل ہے۔ گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران جامعہ سے سینکڑوں طالبات نے عالمیت و فضیلت کے ساتھ ساتھ گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی ڈگریاں کامیابی سے حاصل کیں، جبکہ بڑی تعداد میں طالبات نے حافظۂ قرآن ہونے کی سعادت بھی پائی۔جامعہ ریاض الصالحات، اعظم پورہ گزشتہ پندرہ برسوں سے شہر، ریاست اور ملک کی مختلف ریاستوں سے آنے والی طالبات کے لیے دینی و عصری علوم کے حصول کا ایک معتبر اور مؤثر تعلیمی مرکز بنا ہوا ہے۔
یہاں بہترین تعلیمی ماحول کے ساتھ نظم و ضبط اور تربیت کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، تاکہ ملت کی نوخیز نسل قرآن و حدیث کی روشنی میں متوازن تعلیم و تربیت حاصل کر سکے اور اپنی سماجی و دینی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں انجام دینے کے قابل بنے۔الحمدللہ، جامعہ سے فارغ ہونے والی طالبات آج ملک اور ریاست کے مختلف علاقوں میں نمایاں دینی و تعلیمی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ،سکریٹری جامعہ اور
انتظامیہ نے اس موقع پر ان تمام حضرات و خواتین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیاہے جنہوں نے دامے، درمے اور سخنے جامعہ کا تعاون کیا، اور ان سب کے لیے دعائے خیر فرمائی۔



