تعلیمی معیار کی توثیق: ایم ایس ڈگری کالجز فار ویمن کو قومی سطح کا اعزاز

حیدرآباد: 13 ڈسمبر ۔(پریس ریلیز)۔خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے میدان میں معیاری اور مستقبل بَین تدریسی نظام کے فروغ پر ایم ایس ڈگری کالجز فار ویمن (ملک پیٹ، شاہ علی بنڈہ، آصف نگر اور ٹولی چوکی) کو ET TECH X Future Ready Institutions Award–2025 سے نوازا گیا۔
یہ باوقاراعزاز شہرِ حیدرآباد کے معروف ہائٹیکس ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں پیش کیا گیا، جسے ادارے کی جانب سے محمدنظام الدین، ڈائریکٹر ایم ایس ڈگری کالجز، نے وصول کیا۔تعلیمی دنیا میں ایک معتبر شناخت رکھنے والے ET TECH X Awards اُن اداروں کو دیے جاتے ہیں جو جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، انڈسٹری سے ہم آہنگ نصاب، اسکل بیسڈ لرننگ اور اختراعی تدریسی طریقوں کے ذریعے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کر رہے ہوں۔
اس اعزاز کو تعلیمی معیار، ڈیجیٹل تیاری اور روزگار سے جڑی تعلیم کے اعتراف کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
ایم ایس ڈگری کالجز فار ویمن میں طالبات کو عصری تقاضوں کے مطابق متنوع کورسز فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں بی کام (جنرل اور کمپیوٹر ایپلی کیشنز کے ساتھ)، بی بی اے، بی ایس سی نیوٹریشن اور بی اے (سائیکالوجی کے ساتھ) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ادارہ طالبات کی عملی مہارتوں کے فروغ کے لیے متعدد انٹیگریٹڈ اور پروفیشنل کورسز بھی چلا رہا ہے، جن میں سرٹیفائیڈ ٹیچرز ٹریننگ، مہندی و انٹیریئر ڈیزائننگ، فیشن ڈیزائننگ، بیکنگ اینڈ کوکری، چائلڈ سائیکالوجی ڈپلومہ اور IELTS کی تیاری کے پروگرام قابلِ ذکر ہیں۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائرکٹر انور احمد نےاس ایوارڈ کے لئے ایم ایس ڈگری کالج کے اساتذہ ، طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی ۔، انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی اس مسلسل کاوش کا اعتراف ہے جس کے تحت خواتین کو معیاری تعلیم کے ساتھ خود کفالت اور باوقار مستقبل کی جانب رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔



