جنرل نیوز

چھوٹی مسجد مراد نگر میں قرات امام عاصم کوفیؒ بیس روزہ جزوقتی کورس کے تیسرے بیچ کی تکمیل، چوتھے بیچ کا یکم جنوری سے آغاز

حیدرآباد، 12 ڈسمبر ( پریس ریلیز)حیدرآباد کے قلب میں واقع تاریخی ’’مسجد قطب شاہی المعروف چھوٹی مسجد مراد نگر میں تجوید و قرأت امام عاصم کوفیؒ کے بیس روزہ جزوقتی کورس کے تیسرے بیچ کی تکمیل نہایت تزک و احتشام کے ساتھ عمل میں آئی۔ یہ کورس مئی اور پھرستمبر 2025 میں منعقدہ دو کامیاب بیچوں کے سلسلے کی تیسری کڑی ہے، جس میں اس بار بھی ممتاز استادِ تجوید و قرأت حافظ و قاری محمد نصیرالدین منشاوی نے اپنی خصوصی نگرانی میں تدریس انجام دی۔

 

اگرچہ کورس بنیادی طور پر حفاظ کرام کے لیے مختص ہے، تاہم تجوید و قرأت کے فن کی جانب عوام میں بڑھتی طلب کے پیش نظر عام قراء کو بھی اس میں شمولیت کی اجازت دی گئی۔ اس مقصد کے تحت امتحان اور ناظرہ پانچ پارے اپنے استاد کو سنانا لازمی رکھا گیا ہے، تاکہ سلسلۂ سند اور معیارِ تعلیم دونوں محفوظ رہیں۔

 

تیسری بیچ کے اختتامی موقع پر مسجد کے صدر و سرپرست جناب محمد لطیف خان نے اپنے خطاب میں اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اب تک ڈیڑھ سو سے زائد طلبہ اس خصوصی تربیت سے فیضیاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حفاظ کی تعداد میں اضافہ خوش آئند ہے، تاہم قرآن کریم کو صحیح مخارج، صحیح ادائیگی اور کامل تجوید کے ساتھ پڑھنا ہر دور میں ہر مسلمان کی دینی ذمہ داری ہے۔ یہی مقصد پیشِ نظر رکھتے ہوئے اس پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا، اور اللہ کے فضل سے یہ سلسلہ بڑی کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

 

تیسری بیچ کی تکمیل کے موقع پر مدعوحیدرآباد کی معروف شخصیت اور عالمی شہرت یافتہ باڈی بلڈر ، میر محتشم علی خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 2010 سے قاری نصیرالدین منشاوی کے شاگرد ہیں اور ان کے دروس نے انہیں کئی مواقعوںپر قرآن کریم کی تلاوت کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ منشاوی صاحب کا پڑھانے کا انداز نہایت منفرد ہے، اور وہ خود بھی جلد اس بیس روزہ کورس میں باضابطہ طور پر شریک ہوکر امتحان دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عام مسلمانوں، بالخصوص نوجوان حفاظ سے اپیل کی کہ وہ یہ قیمتی موقع ضائع نہ کریں۔

 

حافظ وقاری محمد نصیرالدین منشاوی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ تینوں بیچوں میں ڈاکٹروں، انجینئروں، علماء و مفتیانِ کرام، اساتذہ اور کم عمر طلبہ سمیت ہر شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد اس فن کو عام کرنا ہے تاکہ ہر گھر میں قرآنِ مجید صحیح تجوید کے ساتھ پڑھا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نامور دینی اداروں، دارالعلوم دیوبند، ندوۃ العلماء اور دیگر مدارس کے اساتذہ نے بھی اس اقدام کو سراہا ہے۔

 

جناب محمد لطیف خان نے اعلان کیا کہ مسجد میں تجوید و قرأت کااگلا، یعنی چوتھا بیچ، یکم جنوری 2026 سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سے قبل ایک اور بیچ مکمل کرنے کا ہدف ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ تمام حفاظ، قراء اور وہ حضرات جو قرآن کی صحیح ادائیگی کا شوق رکھتے ہیں ،اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور تکمیل پر سند حاصل کریں۔ سند کا سلسلہ براہِ راست صحابہ کرامؓ اور پھر رسول اللہ ﷺ سے جڑا ہوا ہے، اس لیے یہ نصابی تربیت بڑی فضیلت کی حامل ہے۔

 

تیسرے بیچ کےشرکاء نے مجموعی طور پر اس تربیتی سلسلے کو اپنی زندگی کا قیمتی سرمایہ قرار دیا اور قاری نصیرالدین منشاوی کی شاگردی کو باعثِ افتخار بتایا۔قرات کےچوتھے بیچ میں معروف باڈی بلڈر اور عالمی شہرت یافتہ شخصیت، میر محتشم علی خان اور ان کے علاوہ بڑی تعداد میں حفاظ اور نوجوانوں کی شمولیت متوقع ہے۔

 

یکم جنوری سےچھوٹی مسجد مراد نگر میں قرات امام عاصم کوفیؒ بیس روزہ جزوقتی کورس کےچوتھے بیچ میں شرکت کے خواہشمند اس فون نمبر 9393072196 پر رابطہ کریں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button