1035 کروڑ کے فنڈز، اوٹکور منڈل کی کایا پلٹنے کا دعویٰ ریاستی وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری کا پنچایت انتخابی مہم میں خطاب

1035 کروڑ کے فنڈز، اوٹکور منڈل کی کایا پلٹنے کا دعویٰ
ریاستی وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری کا پنچایت انتخابی مہم میں خطاب
اوٹکور: ریاستی ڈیری صنعت، ماہی پروری، کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے تعاون سے اپنے دو سالہ دورِ حکومت میں مکتھل اسمبلی حلقہ کی ترقی کے لیے 1035 کروڑ روپے کے فنڈز حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سابقہ حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث یہ علاقہ پسماندگی کا شکار رہا، تاہم موجودہ کانگریس حکومت خصوصی توجہ کے ساتھ ترقیاتی کام انجام دے رہی ہے۔
وزیر موصوف اتوار کو نارائن پیٹ ضلع کے اوٹکور منڈل مرکز میں گرام پنچایت انتخابات کے سلسلہ میں کانگریس حمایت یافتہ سرپنچ امیدوار سوجاتا یگنیشور ریڈی کے حق میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر خواتین، نوجوانوں اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے۔ڈاکٹر واکٹی سری ہری نے کہا کہ نارائن پیٹ–کوڑنگل لفٹ ایریگیشن اسکیم کے تحت 23 ہزار ایکڑ اراضی کو آبپاشی کی سہولت فراہم کی جائے گی،
جس سے بنجر زمینیں زرخیز بنیں گی اور کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جی او 69 کے تحت اوٹکور کی شکل بدل جائے گی اور زمین سے محروم کسانوں کے لیے فی ایکڑ معاوضہ 20 لاکھ روپے تک بڑھایا گیا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ گرام پنچایت انتخابات کے فوری بعد فور لین سڑک کے کام شروع کر دیے جائیں گے۔ کانگریس حکومت کی جانب سے انتخاب سے قبل اعلان کردہ چھ گارنٹی اسکیموں کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نارائن پیٹ–کوڑنگل لفٹ ایریگیشن اسکیم کے لیے 4500 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کا مقصد کسانوں کو روزگار فراہم کرنا اور نقل مکانی کو روکنا ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ اوٹکور منڈل کے لیے 500 مکانات کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ مزید ایک ہزار مکانات منظور کیے جائیں گے۔ نارائن پیٹ–مکتھل آر اینڈ بی سڑک کے لیے 210 کروڑ روپے منظور ہوئے ہیں۔ اوٹکور میں کھیلوں کے میدان کے لیے 3 کروڑ روپے اور پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت نے مفت بس سفر، راشن کارڈ، اندرما مکانات اور مفت بجلی جیسے وعدے پورے کیے ہیں۔ غریبوں میں چاول کی تقسیم کے معاملہ میں تلنگانہ ریاست ملک بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ کاٹن مل کی بحالی کے مطالبہ پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلہ میں اقدامات کیے جائیں گے۔ڈاکٹر واکٹی سری ہری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اوٹکور کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کانگریس امیدوار سوجاتا یگنیشور ریڈی کو بیاٹ کے نشان پر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر سب کو گاؤں کی ترقی میں حصہ لینا چاہیے۔اس موقع پر بی کے آر فاؤنڈیشن کے چیئرمین بال کرشن ریڈی، سنگل ونڈو صدر بال ریڈی، سابق زیڈ پی ٹی سیز سوریہ پرکاش ریڈی، مانیما،محمد اسماعیل ٹاؤن صدر مجلس اوٹکور ،محمد مجاہد،شاکر خان ،سابق سنگل ونڈو صدور ایلکوٹی نارائن ریڈی، سابق ایم پی ٹی سیز گووندپا، سیواراما راجو، منڈل یوتھ کانگریس صدر کورم مہیش، اقلیتی منڈل صدر جلال، سینیئر قائدین محمد خورشید گدوال، محمد عرفات، ضمیر علی، ناصر خان، محمد حشمت، محمد انور، عبدالسلیم، ڈاکٹر رحیم پاشا، محمد پٹیل اور ٹاؤن کانگریس صدر سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے۔



