مشن فجر 2025 کے تحت ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے 1500 طلبہ اور والدین کی تاریخی مکہ مسجد میں باجماعت نمازِ فجر کی ادائیگی

حیدرآباد، 15 دسمبر 2025—(پریس ریلیز)چودہ ڈسمبربروز اتوارصبح صادق، جب سردی اپنے عروج پر تھی، مکہ مسجد کا صحن ایک غیر معمولی روحانی کیفیت کا منظر پیش کر رہا تھا۔ چھوٹے چھوٹے لڑکے، جن میں بعض سردی کے باعث کانپتے ہوئے نظر آ رہے تھے، اپنے والدین کے ہمراہ نماز فجر کے لئےوقت مقررہ سے قبل مسجد پہنچے۔ والدین کے چہروں پر جذبہ، عزم اور خوشی نمایاں تھی، جبکہ بچوں کے اندر جوش و خروش اور عبادت کے لیے آمادگی صاف جھلک رہی تھی۔
نمازِ فجر کی ادائیگی کے وقت جب صفیں ترتیب پائیں اور تکبیرِ اولیٰ کے ساتھ نماز شروع ہوئی تو مسجد کا ماحول ایک دل کو چھو لینے والے روحانی منظر میں ڈھل گیا۔ یہ منظر اس بات کا عملی ثبوت تھا کہ اگر والدین خود دینی معمولات کی پابندی کریں تو نئی نسل بھی انہی اقدار کو اپنانے کے لیے آمادہ ہو جاتی ہے۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے زیرِ اہتمام جاری چالیس روزہ اصلاحی و تربیتی مہم ’’مشن فجر 2025‘‘ اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوئی، جس کے سلسلے میں اتوار 14 ڈسمبر بروز اتوار حیدرآباد کی تاریخی اور عظیم الشان مکہ مسجد میں ایک روح پرور اور ایمان افروز اجتماع منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے طلبہ نے والدین کے ہمراہ نظم و ضبط کے ساتھ امامِ مسجد مولانا محمد لطیف کی اقتدا میں نمازِ فجر باجماعت ادا کی۔ یہ منظر نہ صرف عبادت و اجتماعیت کی اعلیٰ مثال تھا بلکہ نئی نسل میں دینی شعور، عملی وابستگی اور نظمِ حیات کی تربیت کا جیتا جاگتا اظہار بھی تھا۔
’’مشن فجر‘‘ دراصل ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی جانب سے گزشتہ چار برسوں سے تسلسل کے ساتھ جاری ایک عملی اصلاحی مہم ہے، جس کا بنیادی مقصد طلبہ اور والدین میں نمازِ فجر کی پابندی کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی میں نظم، وقت کی قدر، اور صحت مند معمولات کو فروغ دینا ہے۔ یہ مہم ہر سال چالیس دنوں پر محیط ہوتی ہے اور اس کا اختتامی مرحلہ ایک نمازفجرکے اجتماع پر کیا جاتا ہے، جہاں طلبہ، اساتذہ، والدین اور ادارے کی قیادت یکجا ہو کر اس پیغام کو عملی صورت میں پیش کرتے ہیں کہ دینی معمولات محض گفتار نہیں بلکہ کردار کا حصہ بننے چاہئیں۔
گزشتہ دو برسوں سے مشن فجر کا اختتامی اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ ہر سال اس اجتماع میں ایک عید جیسا ماحول دیکھنے میں آتا ہے، جہاں بچے، والدین اور ادارے سے وابستہ افراد خوشی اور محبت کے ساتھ ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔مشن فجر 2025 بھی اسی تسلسل کی ایک کڑی ہے، جس میں طلبہ کو بچپن ہی سے اس بات کا عادی بنانے کی کوشش کی گئی کہ وہ رات کو جلدی سونے اور صبح جلدی اٹھنے کی عادت اپنائیں، تاکہ ان کی تعلیمی، ذہنی اور عملی زندگی متوازن اور نتیجہ خیز بن سکے۔
اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی، جن میں بانی و چیئرمین محمد لطیف خان، منیجنگ ڈائریکٹرز انور احمد اور ڈاکٹر معظّم حسین سمیت دیگر ذمہ داران اور اساتذہ بھی شامل تھے۔ ان کی موجودگی کا مقصد طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اس پیغام کو مزید تقویت دینا تھا کہ ایم ایس کی قیادت خود بھی ان عملی اقدار پر یقین رکھتی ہے جن کی تلقین کی جا رہی ہے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ایسے عملی اور اصلاحی پروگراموں کے ذریعے طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کا سفر جاری رکھے گی، اور مشن فجر جیسے اقدامات کے ذریعے ایک بہتر، منظم اور بامقصد معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔



