“اردو کلچرل ہیریٹیج” کے زیر اہتمام مصنفہ عطیہ فاطمہ کی تصنیف و ویب پیج کی رسم اجرا

ریاض ۔ (پریس ریلیز )مصنفہ عطیہ فاطمہ کی کتاب “ عصمت چغتائی کے ناولوں اور افسانوں میں نسائی حسیت” کی رسم اجرا “اردو کلچرل ہیریٹیج فاؤنڈیشن” حیدرآباد کے زیر اہتمام عمل میں آئی۔
کنوینر آرکٹکٹ عمران سلیم کے جاری پریس ریلیز کے مطابق میڈیا پلس آڈیٹوریم، گن فاؤنڈری، حیدرآباد میں منعقد اس پروگرام میں اردو ادب کی مایہ ناز شخصیات جن میں بحرالعلوم علامہ فروخ، ڈاکٹر سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر اشرف رفیع، ڈاکٹر اودیش رانی، ڈاکٹر رؤف خیرؔ، نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی اورعطیہ فاطمہ کی تصنیف پر اظہار بھی کیا۔ ڈاکٹر ایم اے قدیر کی نیابت کرتے ہو ئے کتاب پر تجزیہ جناب غوث ارسلان نے پیش کیا۔
رسم اجرا اور ویب پیج کی رونمائی کی اس پر اثر تقریب میں محبان اردو اورحیدرآباد میں مقیم این آر آئیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی – ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی نے نظامت کا فریضہ بخوبی انجام دیا۔ آرکیٹکٹ محمد عبدالرحمن سلیم بانی وصدر اردو کلچرل ہیریٹیج فاؤنڈیشن نے کتاب کی رونمائی انجام دی- آرکیٹکٹ عمران احمد سلیم نے فاؤنڈیشن کی جانب سے مہمانوں کا خیر مقدم کیا- مشہور خطاط غوث ارسلان نے مہما نان خصوصی کے لئے اپنی خطاطی کے شہ پارے بطور تحفہ پیش کئے.
اس موقع پر ایک شعری نشست بھی منعقد کی گئی جس میں جناب خالد بصیر، ڈاکٹر سردار سلیم ، ڈاکٹر رؤف خیر اور صدر مشاعرہ آرکیٹکٹ محمد عبدالرحمن سلیم نے اپنے کلام سے نوازا -آخر میں مصنفہ عطیہ فاطمہ کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔




